Bakhshi Wazir

Bakhshi Wazir

بخشی وزیر

کئی مقبول گیت ان کے کریڈٹ پر ہیں

جمعرات 11 جنوری 2024

وقار اشرف
پاکستان فلم انڈسٹری کے نامور موسیقار بخشی وزیر کو راہی ملک عدم ہوئے 26 برس بیت گئے مگر ان کی تخلیق کی ہوئی دُھنیں انہیں زندہ رکھے ہوئے ہیں۔وہ 11 جنوری 1997ء کو 58 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔انہوں نے زیادہ تر پنجابی فلموں کی موسیقی دی۔ان کی پہلی فلم ”بے خبر“ 1961ء میں ریلیز ہوئی تھی۔
اندازاً ساڑھے چار سو کے قریب گیت ان کے کریڈٹ پر ہیں۔
بخشی وزیر نے موسیقی کی تربیت اپنے چچا اُستاد چھوٹے عاشق علی خان سے حاصل کی تھی جس کے بعد بطور کلاسیکل گلوکار کیریئر کا آغاز کیا بعد میں فلم انڈسٹری کے ساتھ بطور میوزک ڈائریکٹر کام کیا۔انہوں نے اَت خدا دا ویر،ظلم دا بدلہ،بنارسی ٹھگ،شرابی،جٹ دا قول،ملے گا ظلم دا بدلہ اور شہنائی سمیت 250 کے قریب فلموں کی موسیقی ترتیب دی۔

(جاری ہے)

”جدوں ہولی جئی لینا میرا ناں“ سمیت کئی مقبول گیت ان کے کریڈٹ پر ہیں۔انہوں نے کئی گلوکاروں کو بھی متعارف کرایا جن میں غلام علی،مسعود رانا،تصور خانم،شازیہ منظور اور دیگر شامل ہیں۔مہدی حسن کو پنجابی فلم میں متعارف کروانے کا سہرا بھی بخشی وزیر کے سر تھا۔فلم ”ہیر سیال“ 1965ء نغمات کے لحاظ سے بخشی وزیر کی اچھی فلم تھی لیکن جس وقت فلم ریلیز ہوئی اس وقت کشمیر کے محاذ پر گھمسان کی جنگ ہو رہی تھی۔
بخشی وزیر کی فلم ”نظام لوہار“ 1966ء کا سب سے سپر ہٹ گیت مسعود رانا کا گایا ہوا ”پیار کسے نال پاویں نہ“ تھا۔بخشی وزیر کو پاکستان کی پہلی رنگین فلم ”پنج دریا“ 1968ء کی موسیقی ترتیب دینے کا اعزاز بھی حاصل تھا،یہ اداکار اکمل کی اکلوتی رنگین فلم تھی جو ان کے انتقال کے بعد ریلیز ہوئی۔فلم ”پنڈ دی کڑی“ میں آئرن پروین اور نذیر بیگم کا خوب صورت گیت ”آج پنڈ دی کڑی راہواں بھل گئی اے“ بھی بخشی وزیر کا کمال تھا لیکن بخشی وزیر کے کیریئر کی سب سے بڑی فلم ”اَت خدا دا ویر“ تھی جس میں ملکہ ترنم نور جہاں کے گیت ”جدوں ہولی جئی لینا میرا ناں“ نے مقبولیت کے ریکارڈ قائم کئے۔
پاکستان کی پہلی ڈائمنڈ جوبلی پنجابی فلم ”ظلم دا بدلہ“ کی موسیقی ترتیب دینے کا اعزاز بھی انہیں حاصل ہوا تھا۔
1972ء میں بخشی وزیر نے فلم ”میں اکیلا“ کی موسیقی ترتیب دی جس کا تھیم سانگ ”منزل ہے نہ ہمدم ہے“ مسعود رانا کی آواز میں سپر ہٹ ہوا تھا۔بخشی وزیر نے فلم ”شرابی“ میں غلام علی اور صبیحہ خانم سے رومانٹک گیت ”سوہنیے نی مکھ تیرا سجری سویر اے“ الگ الگ گوایا تھا۔اسی سال ”بنارسی ٹھگ“ میں بخشی وزیر کا ملکہ ترنم کی آواز میں گیت ”اکھ لڑی بدو بدی موقع ملے کدی کدی“ گلی گلی گونجا تھا۔

Browse More Articles of Music