Amjad Bobby

Amjad Bobby

امجد بوبی

پاکستانی فلمی صنعت کے نامور موسیقار

پیر 15 اپریل 2024

وقار اشرف
امجد بوبی کا شمار پاکستانی فلمی صنعت کے کامیاب موسیقاروں میں ہوتا ہے اور ان کی ترتیب دی ہوئی دُھنیں سننے والوں کو آج بھی سحر میں جکڑ لیتی ہیں۔انہیں اگرچہ مداحوں سے بچھڑے 19 برس بیت چکے ہیں لیکن ان کی بنائی ہوئی دُھنیں انہیں آج بھی زندہ رکھے ہیں۔منفرد انداز کے یہ موسیقار 15 اپریل 2005ء کو راہی ملک عدم ہو گئے تھے۔

1943ء کو امرتسر میں پیدا ہونے والے امجد بوبی کا پورا نام امجد حسین خان تھا لیکن امجد بوبی کے نام سے شہرت حاصل کی۔ان کا تعلق ایک موسیقار گھرانے سے تھا، وہ نامور موسیقار رشید عطرے کے بھانجے تھے۔موسیقار وجاہت عطرے ان کے ماموں زاد بھائی تھے۔موسیقار صفدر حسین اور ذوالفقار علی اور گلوکار منیر حسین بھی ان کے قریبی عزیز تھے۔

(جاری ہے)

ان کے والد غلام حسین خان بھی کلاسیکی گائیک تھے۔

طویل میوزک کیریئر کے دوران انہوں نے ہمیشہ نئی اور کلاسیکی دُھنیں تخلیق کیں اور فلمی موسیقی میں کئی نئے رجحانات بھی متعارف کروائے۔
امجد بوبی نے ممبئی جا کر بھی پاکستانی فلموں کے لئے گیت ریکارڈ کئے اور جاوید شیخ کی فلم ”یہ دل آپ کا ہوا“ کیلئے بھارتی گلوکار سونو نگم اور کویتا کرشنا مورتی کی آواز میں گانے ریکارڈ کئے تھے۔امجد بوبی کو 1983ء اور 1997ء میں نگار ایوارڈ اور 1999ء میں بولان ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔
زارا شیخ اور شان کی فلم ”تیرے پیار میں“ کا ایک گانا ”ہاتھ سے ہاتھ کیا گیا“ ان کی موسیقی اسٹائل کی بھرپور نمائندگی کرتا ہے۔زندگی کے آخری ایام میں ان کا زیادہ وقت ممبئی میں گزرتا تھا۔انہوں نے ہمیشہ نئے ٹیلنٹ کو متعارف کروایا اور آج کے کئی مقبول گلوکار ان کی دریافت تھے۔انہوں نے مہدی حسن، مہناز، ناہید اختر، سلمیٰ آغا، غلام عباس، اے نیر، تحسین جاوید، حمیرا چنا، سائرہ نسیم، وارث بیگ، راشد محمود، شبنم مجید، فریحہ پرویز سمیت دیگر گلوکاروں سے ان کی زندگی کے بہترین گیت ریکارڈ کروائے۔

پہلی بار 1969ء میں فلم ”اِک نگینہ“ کی موسیقی ترتیب دی تھی جس کے بعد مسلسل موسیقی میں جدید رنگ بھرتے رہے۔80ء کی دہائی میں موسیقار کے طور پر امجد بوبی نے شہرت پائی اور فلم نقشِ قدم 1979ء میں گلوکار اے نیر کی آواز میں ”کرتا رہوں گا یاد تجھے میں یونہی صبح و شام،مٹ نہ سکے گا میرے دل سے بینا تیرا نام“ سپرہٹ ثابت ہوا تھا۔40 سالہ میوزک کیریئر کے دوران 50 سے زائد فلموں کی موسیقی ترتیب دی جن میں سرگم، گھونگھٹ، گھر کب آؤ گے، سنگم، چیف صاحب، کبھی الوداع نہ کہنا، دیوانے تیرے پیار کے، بھابی دیاں چوڑیاں اور لازوال جیسی مقبول فلمیں شامل ہیں۔امجد بوبی کی آخری ریلیز ہونے والی فلم ہدایت کار و اداکار جاوید شیخ کی ”کھلے آسمان کے نیچے“ تھی۔

Browse More Articles of Music