امیتابھ بچن کا ٹویٹر اکاؤنٹ ہیک، وزیراعظم عمران خان کی تصویر چسپاں

چند گھنٹوں بعد ہی امیتابھ بچن کا ٹویٹر اکاؤنٹ بحال کردیا گیا اور ٹویٹس ڈیلیٹ کردی گئیں امیتابھ بچن ٹویٹر پر بھی انتہائی مقبول ہیں ‘ فالوورز کی تعداد 3 کروڑ 70 لاکھ سے بھی زائد ہے

منگل 11 جون 2019 12:05

امیتابھ بچن کا ٹویٹر اکاؤنٹ ہیک، وزیراعظم عمران خان کی تصویر چسپاں
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2019ء) ہیکرز نے بھارت کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن کا ٹویٹر اکاؤنٹ ہیک کرکے وہاں وزیراعظم عمران خان کی تصویر لگادی۔اکاؤنٹ ہیک ہونے کے بعد ڈسپلے تصویر میں امیتابھ بچن کی تصویر کی جگہ وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان کی تصویر لگادی گئی ساتھ ہی یہ عبارت بھی تحریر کردی گئی۔بعد ازاں ایک ٹویٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ کام ترکی کی ہیکروں نے کیا ہے۔

سب سے اوپر کی ٹویٹ میں ترکی سائبر آرمی کا لوگو دیکھا جاسکتا ہے اور اس ٹویٹ میں لکھا ہے کہ یہ پوری دنیا کے لیے ایک پیغام ہے کہ ہم آئس لیںڈ کی جانب سے ترکی فٹبالروں کے ساتھ برے سلوک کی مذمت کرتے ہیں۔ ہم نرمی سے تو بولتے ہیں لیکن ساتھ میں ایک چھڑی بھی رکھتے ہیں اور وہاں ایک بڑے سائبر حملے سے آپ کو آگاہ کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ہیکروں کی جانب سے کی گئی ایک اور ٹویٹ میں بھارت کی جانب سے مسلمانوں پر کیے گئے مظالم پر بھی بات کی گئی ہے۔

ٹویٹ میں تحریر ہے کہ بھارت جو ماہِ رمضان میں روزہ دار مسلمانوں پر حملے کررہا ہے وہ امت پر حملہ کررہا ہے اور وہ بھی اس دور میں جبکہ بھارتی مسلمان ہم پر بھروسہ کرتے ہیں اور اس کے بعد عبدالحمید لکھا ہے۔تاہم چند گھنٹوں بعد ہی امیتابھ بچن کا ٹویٹر اکاؤنٹ بحال کردیا گیا اور ٹویٹس ڈیلیٹ کردی گئیں۔واضح رہے کہ امیتابھ بچن ٹویٹر پر بھی انتہائی مقبول اداکار ہیں جن کے فالوورز کی تعداد 3 کروڑ 70 لاکھ سے بھی زائد ہے۔
وقت اشاعت : 11/06/2019 - 12:05:14

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :