کورونا وبا میں کاروبار ٹھپ ہونے پر متھن چکرورتی مودی حکومت پر برس پڑے

حکومت کی جانب سے ٹوررازم کیلئے اقدامات کیے جاتے تو اس قدر نقصان کا سامنا نہ کرنا پڑتا، سینئر اداکار

پیر 24 جنوری 2022 20:21

کورونا وبا میں کاروبار ٹھپ ہونے پر متھن چکرورتی مودی حکومت پر برس پڑے
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2022ء) بھارتی اداکار متھن چکرورتی نے انکشاف کیا ہے کہ حکومت کی جانب سے کورونا وبا کے دوران اقدامات نہ ہونے پر اٴْن کا کاروبار بالکل ٹھپ ہوگیا تھا۔بالی ووڈ کے سینئر اداکار متھن چکرورتی نے حال ہی میں ایک ٹی وی شو میں شرکت کی اور کورونا وبا کے دوران پیش آنیوالی مشکلات کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی۔

اپنی گفتگو کے دوران انہوں نے بتایا کہ کورونا کی وجہ سے ان کے ریسٹورنٹ کا کاروبار متاثر ہوا، ایک وقت ایسا تھا کہ کافی کا ایک کپ بھی فروخت نہیں ہوپاتا تھا، کاروبار ختم ہونے کی وجہ سے پیسے آنا بند ہوگئے تھے جس کی وجہ سے شدید معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔متھن نے کاروبار تباہ ہونے کی وجہ وبا کے دوران حکومت کے سیاحت کے لیے اقدامات نہ ہونے کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر مودی حکومت کی جانب سے ٹوررازم کے لیے اقدامات کیے جاتے تو اس قدر نقصان کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں کورونا بحران تاحال برقرار ہے جبکہ بھارتی شہریوں کو وباء کی تیسری لہر کا سامنا ہے، ہر شعبہ اس سے متاثر ہوا ہے، گزشتہ دو سالوں کے دوران وبا سے کئی افراد کی اموات بھی ہوئیں۔متھن چکرورتی نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے مختلف پیشوں سے وابستہ ملازمین کو نوکریوں سے محرومی کا بھی سامنا کرنا پڑا، معاشی معاملات اس قدر متاثر ہوئے کہ کئی لوگ امیر سے غربت کی لکیر کے نیچے چلے گئے، یومیہ اجرت کمانے والوں کا سوچ کر ہی روح کانپ جاتی ہے۔
وقت اشاعت : 24/01/2022 - 20:21:18

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :