سدھو موسے والا کے قتل کیلئے ہتھیار پاکستان سے بھیجے گئے، بھارتی میڈیا کی ڈھٹائی

بدھ 22 جون 2022 18:30

سدھو موسے والا کے قتل کیلئے ہتھیار پاکستان سے بھیجے گئے، بھارتی میڈیا کی ڈھٹائی
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جون2022ء) بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ آنجہانی بھارتی گلوکار سدھو موسے والا کو قتل کرنے کیلئے ہتھیار پاکستان سے بھارت بھیجے گئے ہیں۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ گذشتہ ماہ بھارتی پنجاب میں گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کے لیے ہتھیار پاکستان سے بذریعہ ڈرون بھیجے گئے تھے۔

اس حوالے سے پاکستانی دفتر خارجہ کا بیان سامنے آیا ہے کہ ’متعلقہ حکام سے اس بارے میں معلومات حاصل کی جا رہی ہیں‘ تاہم بھارتی پولیس کا دعویٰ درست ہے یا کوئی الزام اس حوالے سے کہنا قبلِ از وقت ہوگا۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارتی پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کے مبینہ مرکزی شوٹر پریورت عرف فوزی کو ڈرون کے ذریعے پاکستان سے ہتھیاروں کی کھیپ بھیجی گئی۔

(جاری ہے)

بھارتی پولیس کے ذرائع نے بھارتی میڈیا کو بتایا ہے کہ ’اس کھیپ میں آٹھ دستی بم، ایک انڈر بیرل گرنیڈ لانچر، نو الیکٹرک ڈیٹونیٹرز اور ایک اے کے 47 شامل تھے۔ یہ ہتھیار اس قتل میں ناکامی پر ہنگامی صورت حال میں استعمال کے لیے رکھے گئے تھے۔یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت اکثر ڈرونز، غباروں اور کبوتر کے ذریعے ایک دوسرے پر سرحد کی خلاف ورزیوں کے الزامات عائد کرتے رہتے ہیں تاہم یہ واضح نہیں کہ اگر یہ ہتھیار بھیجے گئے ہیں تو آیا یہ وزن ایک وقت میں مبینہ طور پر سرحد پار کیا گیا یا مختلف پروازوں میں اسے منتقل کیا گیا۔

واضح رہے کہ سدھو موسے والا کے قتل میں ملوث 6 ملزمان کی شناخت کر لی گئی ہے جبکہ کئی شارپ شوٹرز کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے جن کے زریعے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔
وقت اشاعت : 22/06/2022 - 18:30:42

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :