فلم سٹار کنول کا ریڈیو پاکستان پشاور کے جلائے گئے دفاتر کا دورہ ، 9 مئی کے حملہ آوروں کےخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ

بدھ 26 جولائی 2023 18:07

فلم سٹار کنول   کا ریڈیو پاکستان پشاور کے جلائے گئے دفاتر  کا دورہ ، 9 مئی کے  حملہ آوروں کےخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جولائی2023ء) فلم اور ٹیلی ویژن کی مشہور اداکارہ اور سابق رکن پنجاب اسمبلی کنول نعمان نے بدھ کو یہاں ریڈیو پاکستان پشاور کی جلی ہوئی عمارت کا دورہ کیا اور 9 مئی کو ہونے والے واقعات کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حملہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں کوئی قومی اداروں اور دفاعی تنصیبات پر حملہ کرنے کی جرات نہ کر سکے۔

ریڈیو پاکستان کے آرکائیوز اور آڈیٹوریم کی چار منزلہ عمارت کو نذر آتش کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کنول نے کہا کہ پارٹی سربراہ کی ایماء پر اس گروہ نے ریڈیو پاکستان پشاور پر حملہ کر کے اس کی پوری عمارت کے ساتھ ساتھ 28 مئی 1998 کے ایٹمی دھماکوں کی یاد میں بنائے گئے چاغی پہاڑ کے ماڈل کو بھی نذر آتش کر دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان ایک قومی ادارہ ہے اور اسے کسی جماعت کی طرف سے جلانا لوگوں کو تفریح، تعلیم اور معلومات سے محروم کرنے کے مترادف ہے۔

کنول نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کو 9 سال تک تبدیلی کے نام پر دھوکہ دینے والے سیاسی رہنما کا اصل چہرہ 9 مئی کو پوری قوم کے سامنے بے نقاب ہو گیا، 9 مئی کی توڑ پھوڑ میں ملوث سیاسی عناصر کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کی منفی سیاست، اپوزیشن قیادت کو نشانہ بنانا، اشتعال انگیز رویہ اور وعدہ خلافی پاکستان تحریک انصاف کے ٹکڑے ٹکڑے ہونے کا باعث بنے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کی سیاست خیبرپختونخوا میں ختم ہو گئی، پی ٹی آئی مختلف گروپوں میں تقسیم ہو گئی ہے جس میں پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز اور ناقص گورننس شامل ہے۔ کنول نے کہا کہ عمران نیازی کی سیاست محاذ آرائی اور غنڈہ گردی کی سیاست کی وجہ سے صرف زمان پارک لاہور تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی رہنما لوگوں کی رہنمائی کرتے ہیں اور ملکی مسائل کا حل بتاتے ہیں، نہ کہ کرپشن کیس میں گرفتاری کے بعد انہیں سرکاری اداروں اور دفاعی تنصیبات پر حملے کے لیے اکساتے ہیں۔

کنول نے کہا کہ پاکستان نے ہمیں روزگار ، شناخت اور وقار سمیت سب کچھ دیا ہے اور اس کی معاشی ترقی کے لیے کام کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ بیرون ملک جانے کی بجائے اپنے اپنے شعبوں میں لگن کے ساتھ ملک کی خدمت کریں اور پاکستان کی خوشحالی کے لیے توانائیاں وقف کریں۔ قبل ازیں سٹیشن ڈائریکٹر ریڈیو پاکستان پشاور اعجاز خان نے انہیں قومی نشریاتی ادارے کی تاریخ اور 9 مئی کی توڑ پھوڑ کے دلخراش واقعے سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان پشاور کی عمارت میں توڑ پھوڑ سے تقریباً 250 ملین روپے کا نقصان ہوا ہے۔ بعد ازاں کنول نے ریڈیو پاکستان پشاور کی جلی ہوئی عمارت کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور عملے کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ سینئر فنکاروں شازمہ حلیم، عشرت عباس اور دیگر نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔
وقت اشاعت : 26/07/2023 - 18:07:35

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :