جیو فلمزکی دیمک پاکستان سنیما کی سب سے بڑی ہارر فلم بن گئی

منگل 10 جون 2025 13:33

جیو فلمزکی دیمک پاکستان سنیما کی سب سے بڑی ہارر فلم بن گئی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2025ء)پاکستان کی سب سے بڑی ہارر فلم دیمک نے بڑی عید کا میلہ لوٹ کر سب کو حیران اور خوفزدہ کردیا ہے، پہلے دن سات کروڑ کا بزنس کرنے والی فلم نے عید کا میلہ لوٹ لیا۔جیو فلمز کا شاہکار دیمک نے پاکستانی شائقین کو ناصرف خوفزدہ کیا بلکہ ان پر ہیبت طاری کردی اب وہ دوسروں کو یہ فلم دیکھنے کیلئے قائل کر رہے ہیں۔

ثمینہ پیرزادہ کی ناقابل فراموش اداکاری نے دل موہ لئے، تاریخی بزنس کرکے دیمک پاکستانی سنیما کی تاریخ کی سب سے بڑی ہارر فلم بن گئی ہے، فلم شائقین کو خوف اور جذبات کی نئی دنیا میں لے گئی ہے، وحشت، تجسس، جنات اور خاندانی رشتوں کی الجھنوں پر مبنی یہ فلم شائقین کیلئے ایک بالکل نیا اور منفرد تجربہ ثابت ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

ایگزیکٹو پروڈیوسر سید مراد علی، ہدایتکار رافع راشدی اور عائشہ مظفر کی تحریر سے مزین اس فلم میں نا صرف خوف اور تھرل ہے بلکہ معاشرتی مسائل اور جذباتی لمحات کو بھی بڑی خوبصورتی سے دکھایا گیا ہے۔

فلم کے مرکزی کرداروں میں فیصل قریشی، سونیا حسین، ثمینہ پیرزادہ، جاوید شیخ، بشری انصاری اور دیگر سینئر فنکار شامل ہیں۔ فلم مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ کے تحت ملک بھر کے سنیما گھروں میں ریلیز کی گئی ہے۔ دیمک دیکھنے والوں نے جیو کی کاوش کو سراہا اور کہا کہ فلم بالی ووڈ کی ٹکر کی ہے، اداکاروں نے اداکاری کے بہترین جوہر دکھائے ہیں۔ یاد رہے کہ جیو فلمز اس سے قبل بھی کئی شاہکار فلمیں خدا کے لیے، بول، طیفا اِن ٹربل، دی لیجنڈ آف مولا جٹ، ڈونکی کنگ اور گلاس ورکر پیش کرچکا ہے۔
وقت اشاعت : 10/06/2025 - 13:33:26

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :