پنجاب آئی ٹی بورڈمیں یومِ آزادی کے حوالے سے رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی

ڈی جی آئی ٹی فیصل یوسف نے پرچم کشائی کی، آزادی بہت بڑی نعمت ہے ۔ قائدِ اعظم محمد علی جناح اورتحریکِ پاکستان کے راہنماؤں کو دل کھول کر خراجِ عقیدت پیش کیا جائے‘ ڈاکٹر عمر سیف کا پیغام

جمعرات 13 اگست 2015 21:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اگست۔2015ء) پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور پُرامن پاکستان کے اشتراک سے جشنِ آزادی کی ایک رنگا رنگ تقریب آج ارفع آئی ٹی ٹاور میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں آئی ٹی بورڈ کے افسران اور اہلکاران نے شرکت کی۔ چیئرمین پی آئی ٹی بی کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل آئی ٹی فیصل یوسف نے پرچم کشائی کی اور چیئرمین کا پیغام پڑھ کر سنایا۔

پیغام کے مطابق ڈاکٹر عمر سیف نے پاکستان کے استحکام اور سلامتی کے لئے خصوصی دعا کی اور کہا کہ آزادی بہت بڑی نعمت ہے جو قائد اعظم محمد علی جناح اور تحریکِ پاکستان کے کارکنوں کی جدو جہد اور لاکھوں شہداء کی قربانی کی بدولت ہمیں نصیب ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں تحریک ِ پاکستان کے کارکنوں اور شہدا ء کو دل کھول کر خراجِ عقیدت پیش کرنا چاہیے کیونکہ انکی قربانیوں کی وجہ سے ہی آج ہم دنیامیں ایک باعزت مقام رکھتے ہیں ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ پاکستان کو ترقی اور استحکام کی منزل سے روشناس کرانے کے لئے ہم سب کو اپنا حصہ ڈالنا چاہیے اور اپنے فرائض محنت اور لگن سے سرانجام دینے چاہیئں۔ تقریب میں غیر ملکی مہمانوں سمیت ڈی جی ساجد لطیف ، جنرل مینجر محترمہ محبی حسین اور دیگر اعلیٰ افسروں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر قومی ترانہ اور ملی نغمے گائے گئے اور شرکا ء نے پاکستانی پرچم لہرا لہرا کر پاکستان سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا۔