ملک کے69ویں یوم آزادی کے موقع پر قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر تبدیلیء گارڈ کی کی پروقار تقریب

ر وایتی یونیفارم میں ملبوس پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس کے چاق و چوبند دستے نے مزار قائد پر انتہائی خوبصورت اندازاور جوش و جذبے کے ساتھ گارڈ کے فرائض سنبھالے

جمعہ 14 اگست 2015 20:56

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 اگست۔2015ء) ملک کے69ویں یوم آزادی کے موقع پر قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر تبدیلیء گارڈ کی کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی،ر وایتی یونیفارم میں ملبوس پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس کے ایک چاق و چوبند دستے نے جمعہ کی صبح مزار قائد پر انتہائی خوبصورت اندازاور جوش و جذبے کے ساتھ گارڈ کے فرائض سنبھالے۔

تقریب کا آغاز علی الصبح ہوا ۔ کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور فواد امین بیگ نے تقریب کے مہمان خصوصی کی حیثیت سے گارڈ کا معائنہ کیا۔ گارڈدو دستوں پر مشتمل تھی ایک دستہ 48کیڈٹس اور دوسرا48 سیلرز پر مشتمل تھا،گارڈکی قیادت لیفٹننٹ کمانڈر خرم کررہے تھے۔ پاک بحریہ کے کیڈٹس کے چاق و چوبند دستے نے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کو یوم آزاد ی کے موقع پر خراج عقیدت کے طور پر گارڈ آف آنر پیش کیا۔

(جاری ہے)

بعد از تعیناتیء گارڈمہمان خصوصی نے چیف آف نیول اسٹاف اور پاک بحریہ کے افسروں اور جوانوں کی جانب سے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ بعد ازیں مہمان خصوصی نے مزار پر فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کرتے ہوئے عظیم قائد کو زبر دست خراج عقیدت پیش کیا۔ قبل ازیں دن کا آغاز اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد پاک بحریہ کے یونٹس اور اسٹیبلشمنٹس میں قائم تمام مساجد میں شکرانے کے نوافل ادا کیے گئے اور ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔

بحریہ کے تمام جہازوں اور اسٹیبلشمنٹس کو روایتی انداز میں سجایا گیا اور ان پر چراغاں کیا گیا۔ علاوہ ازیں پاک بحریہ کے مختلف یونٹس کے درمیان کھیلوں کے مختلف مقابلے بشمول کرکٹ، تیراکی، بیڈ منٹن اور اتھلیٹکس بھی جشن آزادی کی تقریبات کا اہم حصہ تھے۔ تبدیلیء گارڈز کی تقریب میں مسلح افواج کے افسران ، سول حکام، اسکول کے بچوں اور عوام الناس کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔