بالی ووڈ نے میرا گانا نچ پنجابن جعلی دستاویزات سے چوری کیا، ابرار الحق

بدھ 17 جون 2026 22:26

بالی ووڈ نے میرا گانا نچ پنجابن جعلی دستاویزات سے چوری کیا، ابرار الحق
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2026ء) گلوکار ابرار الحق نے کہا ہے کہ بالی ووڈ نے گانے نچ پنجابن کے حقوق حقوق حاصل کرنے کیلئے جعلی دستاویزات اور جعلی دستخطوں کا سہارا لیا گیا۔ابرار الحق نے نجی ٹی وی کے پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب میں نے بالی ووڈ کی جانب سے گانے کے استعمال پر اعتراض کیا تو مجھے جواب دیا گیا کہ گانے کے حقوق گلوکار ہارون کے ذریعے حاصل کیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے کہا کہ یہ میرا گانا اور میری ملکیت ہے، میں نے یہ گانا ہارون کو نہیں دیا، اس کے باوجود وہ بار بار ہارون کا حوالہ دیتے رہے، بعد میں معلوم ہوا کہ جعلی دستاویزات تیار کی گئیں اور میرے دستخط بھی جعل سازی کے ذریعے استعمال کیے گئے۔ابرار الحق نے کہا کہ بھارت میں قانونی چارہ جوئی انتہائی مہنگی ہونے کی وجہ سے بین الاقوامی فنکاروں کیلئے اپنے حقوق کا دفاع کرنا مشکل ہو جاتا ہے، جبکہ ایسے معاملات صرف میرے ساتھ ہی نہیں بلکہ دیگر کئی فنکاروں کے ساتھ بھی پیش آ چکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہارون نے مجھے بتایا تھا کہ بالی ووڈ نمائندوں نے موقف اختیار کیا تھا کہ ابرار الحق کے گانے کو ایک اور کمپنی غلط طریقے سے ریلیز کر رہی ہے، اس لیے گانے کو واپس لینے کیلئے ایک خط درکار تھا، تاہم اس خط کا مطلب ہرگز یہ نہیں تھا کہ گانے کے حقوق فروخت کر دیے گئے تھے۔گلوکار کے مطابق فلم سازوں نے پورے منصوبے کی تشہیر نچ پنجابن کے گرد کی، جس سے مجھے شدید نقصان پہنچا، اس معاملے پر مقدمہ تاحال زیرِ سماعت ہے۔

ابرار الحق نے مووی باکس پر بھی تنقید کرتے ہوئے دعوی کیا کہ کمپنی کے پاس گانے کے حقوق حاصل کرنے کا کوئی ثبوت موجود نہیں، اگر کوئی تحریری معاہدہ موجود ہے تو اسے عدالت میں پیش کیا جائے، لیکن اب تک ایسا کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک واضح اور سیدھا مقدمہ ہے، جس میں بنیادی سوال صرف یہ ہے کہ گانے کے حقوق کس قانونی بنیاد پر حاصل کیے گئے تھے، تاہم کیس کی پیروی میں وقت لگ رہا ہے۔
وقت اشاعت : 17/06/2026 - 22:26:04

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :