پاکستان میں امسال زیادہ بارشوں سے ٹڈی دًل کاحملہ مشاہدہ میں آیا ہے، جنوبی پنجاب میں ٹڈی دل کی مانیٹرنگ کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، ترجمان محکمہ زراعت پنجاب

جمعرات 18 جولائی 2019 13:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2019ء) امسال پاکستان سمیت جنوبی ایشیا میں مغربی ہوائیں معمول سے زیادہ چلنے کی وجہ سے بارشیں بھی زیادہ ہوئیں اور پاکستان کے جنوب مغرب میں ایران ، سعودی عرب اور دیگر جنوبی ریاستوں میں پہلے سے موجود ٹڈی دًل کاحملہ بلوچستان اور سندھ کے بعض علاقوں میں مشاہدہ میں آیا ہے۔ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق جنوبی پنجاب میں ٹڈی دل کی مانیٹرنگ کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیںجبکہ حکومت پنجاب کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نپٹنے کیلئے متعلقہ اداروں سے رابطے میں ہے۔

کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نپٹنے کیلئے حکومت پنجاب نے ٹڈی دًل کے کنٹرول کیلئے زرعی ادویات کی خریداری فوری طور پر کرنے کیلئے اقدامات کر لئے ہیںجبکہ ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ ٹڈی دًل کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ اس مکڑی کے کیمیائی تدارک کیلئے لیمبڈا سائی ہیلو تھرین اور کلورپائیریفاس ادویات کا طعمہ بنا کر استعمال کریں۔

اس کے علاوہ زمینی یا ہوائی سپرے کیلئے محکمہ زراعت کے مقامی عملہ کے مشورہ سے زرعی زہروں کا انتخاب اوراستعمال کریں۔ دوائی کی مقدار کا تعین ٹڈی دًل کے سائز اور کیڑے کی تعداد کو مدنظر رکھ کر کریں۔ ٹڈی دًل کو ختم کرنے کیلئے کئے جانے والے سپرے میں محکمہ زراعت کے مقامی عملے کے مشورہ سے ایسی کیڑے مار ادویات استعمال کی جائیں جن سے ممالیہ جانوروں اور انسانی صحت کو کم از کم نقصان پہنچے ۔

سپرے سے قبل اعلان بھی کیا جائے تاکہ لوگ وہاں نہ آئیں اور جانور بھی نہ لائیں۔حکومت پنجاب کی طرف سے جنوبی پنجاب خاص طور پر بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان کے اضلاع میں ٹڈی دًل کے حوالے سے مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے اور کسی ایمرجنسی صورتحال سے نپٹنے کیلئے تمام متعلقہ ادارے چوکس ہیں۔ صوبہ پنجاب کی سطح پرپی ڈی ایم اے (پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی )،محکمہ زراعت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ باہم رابطے میں ہیں۔

حکومت پنجاب کی طرف سے وفاقی حکومت کے متعلقہ اداروں خاص طور پر وفاقی وزارت فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ، فیڈرل پلانٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ اور دیگر اداروں سے رابطہ اور کوآرڈینیشن بھی جاری ہے ۔ اگر ضرورت پڑی تو فیڈرل پلانٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ کے طیارے بھی ٹڈی دًل کنٹرول کے لیے پنجاب حکومت کو فراہم کئے جائیں گے جن کے ذریعے متاثرہ علاقوں میں ہوائی سپرے کیا جائیگا۔

Browse Latest Weather News in Urdu