ایک سینٹی میٹر سے بھی چھوٹے سینگ کےلیے شکاریوں نے بے دردی سے گینڈا مار ڈالا

Ameen Akbar امین اکبر ہفتہ 7 جولائی 2018 23:36

ایک سینٹی میٹر سے بھی چھوٹے سینگ  کےلیے شکاریوں نے  بے دردی سے گینڈا مار ڈالا
28 جون کو  شکاریوں نے جنوبی افریقا کے کراگا کاما گیم پارک میں ایک مادہ سفید گینڈے ، بیلا ، کو اس کے ایک سینٹی میٹر سے بھی چھوٹے سینگ کے لیے مار ڈالا۔
30 جون کو پارک کی انتظامیہ نے فیس بک پوسٹ میں بتایا کہ جمعرات کی رات کو شکاریوں نے 20 سالہ  بیلا کو مار ڈالا۔ اس کا سولہ ماہ کا بچہ ،ٹینک،  اپنی ماں کے گرد گھومتا پایا گیا۔ ٹینک   کی خوراک کا انحصار اس کی ماں کے دودھ پر تھا۔

شکاریوں نے بیلا کے سینگ کی باقیات کی وجہ سے اسے قتل کیا تھا۔
پچھلے ہفتے ہی پارک انتظامیہ نے بیلا کے سینگ کو کاٹ دیا تھا۔ گینڈوں کو شکاریوں سے بچانے کے لیے پارک کی انتظامیہ خود ہی ان کے سینگ کاٹ دیتی ہے لیکن بد قسمت بیلا  کے معاملے میں یہ احتیاط بھی کام نہیں آئی۔
حالیہ سالوں میں جنوبی افریقا میں گینڈوں کی ہلاکت کے واقعات بہت زیادہ بڑھ گئے ہیں۔

(جاری ہے)

2007 میں جنوبی افریقا میں گینڈوں کی ہلاکت کے صرف 13 واقعات ہوئے لیکن 2017 میں ایک سال کے اندر ہی 1000 سے زیادہ گینڈے مار دئیے گئے۔
گینڈوں کی قتل کی  وجہ ان کے قیمتی سینگ ہوتے ہیں۔ اس کے سینگ افریقا اور مشرقی ایشیا میں طبی مقاصد اور کالے جادو کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔ افریقا میں گینڈے کا ایک سینگ 3ہزار ڈالر میں فروخت ہوتا ہے تو جنوب مشرقی ایشیا کے ممالک میں ایک مکمل سینگ کی قیمت 3 لاکھ ڈالر ہوتی ہے۔ اتنی زیادہ قیمت کے باعث شکاری ہر خطرہ مول لے کر انہیں غیر قانونی طور پر مار کر ان کے سینگ کاٹ لیتے ہیں۔
پارک کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بیلا کے بچے ٹینک کو گائے کا دودھ پلایا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu