16سال تک پُرشور میوزک سے ہمسایوں کی زندگی اجیرن کرنے والی عورت گرفتار

Ameen Akbar امین اکبر پیر 13 اگست 2018 23:48

16سال تک پُرشور میوزک سے ہمسایوں کی زندگی اجیرن کرنے والی عورت گرفتار
سلواکین ٹاؤن شتوروو سے تعلق رکھنے والی ایوا این  کو حال ہی میں سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔سپریم کورٹ نے ایوا کو حکم دیا تھا کہ وہ اب اطالوی موسیقار جوزپے وردی کے اوپیرا لا تراویاتا کا میوزک نہیں چلائیں گی۔  ایوا گزشتہ 16سالوں سے لاؤڈ سپیکر پر صبح سے رات تک لا تراویاتا چلاتی تھیں۔
ایوا کے ہمسائے گزشتہ 16سالوں سے لا تراویاتا سن رہے ہیں ۔

یقین سے کہا جا سکتا ہے کہ انہیں یہ زبانی یاد ہوگیا ہوگا۔ ایوا کے ہمسائے کئی سالوں سے پولیس اور عدالتوں کے دھکے کھا رہے ہیں۔ پولیس اور مختلف عدالتوں نے ایوا کو منع کیا تھا کہ اب وہ لاؤڈ سپیکروں پر تیز میوزک نہ چلایا کریں لیکن ایوا نے کسی کے حکم کو ماننے سے انکار کر دیا۔
ایوا ہر روز صبح 6 بجے لاؤڈ سپیکرپر میوزک چلاتیں اور رات 10 بجے بند کرتیں۔

(جاری ہے)

خوش قسمتی سے ڈیڑھ دہائی کے بعد سلواکیہ کی سپریم کورٹ نے زیریں کورٹ کے اس فیصلے کو برقرار رکھا، جس میں ایوا کو میوزک چلانے سے منع کیاگیا ہے۔ اپنی عادت کے مطابق ایوا نے سپریم کورٹ کے حکم کو بھی نظر انداز کیا، جس کے بعد انہیں گرفتار کر لیا گیا۔
ایوا  اپنے موجودہ گھر میں 1999 کو منتقل ہوئیں تھی۔ فوراً بعد ہی ان کے گھر کا نام سنگنگ ہاؤس پڑ گیا ۔

ایک ریڈیو اسٹیشن کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ ہمسایوں کے کتوں کے بھونکنے سے کافی پریشان ہوتی تھیں، جس کے بعد کتو ں کو خاموش کرانے کے لیے انہوں نے لاؤڈ سپیکرپر تیز میوزک چلانا شروع کر دیا ۔ایوا کا دعویٰ ہے کہ کتوں کے بھونکنے سے ان کے سر میں درد ہوگیا، ان کی شکایت کے باوجود ہمسایوں نے کتوں کو خاموش کرانے کے لیے کچھ نہیں کیا تو اپنے دفاع میں انہوں نے میوزک چلانے کا فیصلہ کیا۔
ہمسایوں کا کہنا ہے کہ ایوا جن کتوں کی بات کر رہی ہے، وہ کئی سال پہلے یہاں سے چلے گئے، ان کے جانے کے باوجود ایوا میوزک چلا رہی ہیں۔
پولیس نے ایوا کو ہراساں کرنے اور ایذا رسانی کے الزام میں گرفتار کیاہے۔ اگر یہ الزامات ثابت ہوئے تو انہیں 6 ماہ سے 3 سال کی قید ہو سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu