فلپائن میں ایک پورے شہر کی پولیس کو ملازمت سے فارغ کر دیا گیا

Ameen Akbar امین اکبر پیر 18 ستمبر 2017 03:18

فلپائن میں ایک پورے شہر کی پولیس کو ملازمت سے فارغ کر دیا گیا

فلپائن میں ایک پورے شہر کی پولیس کو ملازمت سے فارغ کر دیا گیا ہے۔ ملازمت سے فارغ کیے گئے چند پولیس افسران  پر شک تھا کہ یہ تین نوجوانوں کے قتل میں ملوث ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق 13 پولیس افسران ایک بوڑھی عورت کا گھر لوٹنے میں بھی ملوث رہے ہیں۔
 کالوکان شہر کے 1200 پولیس افسران کو گروپس کی صورت میں ملازمت سے نکالا اور تبدیل کیاجا رہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ افسران 45 دن تک حراست میں رہیں گے۔ ان میں سے جو بے قصور ہونگے، وہ دوبارہ سے دوسرے اسٹیشن پر ملازمت جاری رکھ سکیں گے۔
بڑے پیمانے پر پولیس کو ملازمت سے نکالنے کا عمل اس وقت شروع ہوا جب  اگست میں  کالوکان پولیس کے 4 افسران نے منشیات فروشوں  کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے  مبینہ طور پر 17سالہ کیان ڈیلوس سانتوس کو تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا۔

(جاری ہے)

نوجوان کے مرنے پر عوام غصے میں آگئے۔ لوگوں نے فلپائنی صدر روڈریگو کی منشیات کے خلاف جنگ پر اپنے شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مرنے والا نوجوان  منشیات فروش تھا، جس نے پولیس پر گولی چلا دی تھی لیکن عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ پولیس نے نوجوان کو اس وقت گولی ماری جب وہ  زندگی کی بھیک مانگ رہا تھا۔ جولائی 2016 سے منشیات کے خلاف شروع ہونے والی جنگ میں 54 بچے پولیس اور نامعلوم مسلح افراد کی گولیوں کا نشانہ بن چکے ہیں۔
اگست میں فلپائنی صدر نے پولیس کو کہا تھا کہ وہ پہلے مشتبہ افراد کو گرفتار کیا کریں اور گولی صرف اس وقت چلایا کریں، جب اُن کی اپنی جان کو خطرہ ہو۔تاہم انہوں نے کہا تھا کہ منشیات فروشوں کے خلاف کاروائیاں بند نہیں ہونگی۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu