جاپانی کمپنی نے سگریٹ نوشی نہ کرنےوالےملازمین کو سالانہ 6 اضافی چھٹیاں دینےکا اعلان کردیا

Ameen Akbar امین اکبر بدھ 1 نومبر 2017 23:33

جاپانی کمپنی  نے سگریٹ نوشی نہ کرنےوالےملازمین کو سالانہ 6 اضافی چھٹیاں دینےکا اعلان کردیا

جاپان کی ایک کمپنی نے اپنے ملازمین کو تمباکو نوشی سے روکنےکےلیے ایک اچھوتا منصوبہ بنایا ہے۔ ٹوکیو کی کمپنی پیالا انکارپوریشن   نے اعلان کیا ہے کہ وہ سگریٹ نوشی نہ کرنےوالے ملازمین کو سالانہ 6 اضافی چھٹیاں دیں گے۔کمپنی میں سگریٹ نوشی کرنے والوں کو  سگریٹ نوشی کے لیے 15 منٹ کی چھٹی ملتی ہے جبکہ سگریٹ نوشی نہ کرنے والے کام کرتے رہتےہیں۔

اسی کا ازالہ کرنے کے لیے کمپنی سگریٹ نوشی نہ کرنے والوں کو سالانہ 6 اضافی چھٹیاں دےگی۔
کمپنی کے ترجمان ہیروتاکا  ماتسوشیما نے دی ٹیلیگراف کو بتایا کہ اس  سال کے شروع میں  کمپنی کے ایک ملازم نے تجاویز کے باکس میں ایک پیغام چھوڑا تھا۔ اس پیغام میں کہا گیا تھا کہ سگریٹ نوشی کےلیے 15 منٹ کی چھٹی سے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

کمپنی کے سی ای او نے اس سے اتفاق کیا اور سگریٹ  نوشی نہ کرنےو الوں کو ازالے کے طور پر 6 اضافی چھٹیاں دی ہیں۔

اس کمپنی کا دفتر  ایک عمارت کی 29 ویں منزل پر ہے۔ جو افراد سگریٹ نوشی کرنا چاہتےہیں، انہیں 15 منٹ کی چھٹی میں نیچے تہہ خانے میں جانا پڑتا ہے۔ کمپنی کے 120 ملازمین میں سے 30 ملازمین نے اس پالیسی کے بعد سگریٹ نوشی کے لیے 15 منٹ کی چھٹی لینے کی بجائے اضافی چھٹیاں لینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ 4 ملازمین نے سگریٹ نوشی کو بالکل ترک کر دیا ہے۔
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی رپورٹ کے مطابق جاپان کی 18.2 فیصد بالغ آبادی سگریٹ نوشی کرتی ہے۔ مردوں اور بوڑھے افراد میں سگریٹ نوشی کی شرح اور بھی زیادہ ہے۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu