”خدا حقیقت ہے“ ، ثابت کرنے کے لیے ماں نے بچوں سمیت گاڑی کھمبے سے ٹکرا دی

Ameen Akbar امین اکبر پیر 26 مارچ 2018 23:25

”خدا حقیقت ہے“ ، ثابت کرنے کے لیے ماں نے بچوں سمیت گاڑی کھمبے سے ٹکرا دی
گوینیٹ کاؤنٹی، جارجیا ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ایک خاتون نے اپنے بچوں کو خدا کے وجود کا یقین دلانے کے لیے اپنی گاڑی جان بوجھ کر کھمبے سے جا کر ٹکرا دی۔
تفتیش کاروں کے مطابق 25 سالہ بکاری وارن نے حکام کو حادثے کے بعد بتایا کہ یہ سب اس نے  جان بوجھ کر  کیا تھا تاکہ بچوں پر ثابت کر سکے کہ خدا کا وجود حقیقی ہے اور اگر وہ اس پر یقین رکھیں گے تو وہ ان کی حفاظت کرے گا۔


پولیس نے بتایا کہ وارن پیچ  ٹری انڈسٹریل بولیورڈ  پر گاڑی چلا رہی تھی۔ پھر اچانک  اس نے  گاڑی موڑی اور کنکریٹ سے بنے کھمبے میں  دے  ماری۔ اس حادثہ کی ویڈیو بھی موجود ہے۔ اور حادثہ کے بعد پولیس کی گاڑی میں وارن کے پانچ اور سات سالہ بچوں سے لیے گئے بیانات کی ویڈیو بھی  محفوظ کر لی گی ہے۔ آفیسر نے بچوں سے جب یہ پوچھا کہ کیا آپ کا خیال ہے کہ آپ کی والدہ نے یہ حادثہ جان بوجھ کر کیا ہے؟ تو اس کی ایک بیٹی نے بتایا ، "جی ہاں،کیونکہ انہوں نے اچانک کار موڑی، ان کی آنکھیں بند تھیں اور وہ کہہ رہی تھیں کہ مجھے خدا سے محبت ہے۔

(جاری ہے)

وہ ہمارا ایکسیڈنٹ نہیں کروانا چاہتی تھیں بلکہ ہمیں یہ بتانا چاہتی تھیں کہ خدا حقیقت میں موجود ہے۔" پولیس کے مطابق وارن نے کھمبے سے کار ٹکرانے سے پہلے بچوں کو اپنی سیٹ بیلٹس باندھنے کی خصوصی ہدایت کی تھی۔ وارن کو کار سے باہر نکلتے ہی فوراً دھر لیا گیا اور اسے ہتھکڑی لگا دی گئی۔ پولیس نے جب اس سے حادثے کی وجہ پوچھی تو اس نے انہیں اپنی فیس بک پوسٹ کو پڑھنے کا کہا کہ وہ اسے دیکھ کر خود ہی وجہ جان جائیں گے لیکن اس پیج پر ایسا کچھ بھی موجود نہیں تھا جو اس حادثہ کی توجیہہ پیش کرتا۔

بعد میں وارن نے حادثہ کی وہی وجہ پیش کی جو اس کے بچے پولیس کو بتا چکے تھے کہ حادثہ ہونے کی صورت میں خدا ان کی مدد کرے گا۔
اس حادثہ میں کوئی زخمی نہیں ہوا، صرف کار کا نقصان ہوا ہے۔ لیکن پولیس کا کہنا ہے کہ صورتحال بدترین بھی ہوسکتی تھی۔ وارن اس وقت بھی جیل میں ہے ۔ اسے  22,000 ڈالر  کی ضمانت پر رہا کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu