زمین پر کم سے کم درجہ حرارت کا نیا ریکارڈ

Ameen Akbar امین اکبر جمعہ 29 جون 2018 23:42

زمین پر کم سے کم درجہ حرارت کا نیا ریکارڈ
دنیا کا سرد ترین مقام انٹارکٹیکا ہے اور جب اس کا درجہ حرارت مزید گر جائے تو اس حد تک سرد ہوجاتا ہے کہ ہم سوچ بھی نہیں سکتے۔
2013 میں سیٹلائٹ سے حاصل کردہ ڈیٹا کو مدنظر رکھتے ہوئے سائنسدانوں نے اعلان کیاتھا  کہ انہوں نے  مشرقی انٹارکٹیکا کے برفیلے خطے میں منفی 135 ڈگری فارن ہائیٹ درجہ حرارت ریکارڈ کیا ہے جوکہ زمین کا سرد ترین مقام ہے۔
تاہم، حال ہی میں نئی اطلاعات موصول ہونے پر پتہ چلا ہے کہ زمین کے سرد ترین مقام کا درجہ حرارت ناقابل یقین حد تک گر کر منفی 144 ڈگری فارن ہائیٹ پر پہنچ گیا ہے۔

یہ رپورٹ جیوفزیکل ریسرچ لیٹرز کے  جریدے  میں شائع ہوئی اور محققین کی ایک بین الاقوامی ٹیم اس نتیجے پر پہنچی کہ یہ زمین کی سطح پر اب تک کا ریکارڈ کیا جانے والا کم ترین درجہ حرارت ہے۔

(جاری ہے)


دونوں بار درجہ حرارت ایک ہی ڈیٹابیس سے لیے گئے ہیں جنہیں 2004 سے 2016 کے مابین جمع کیا گیا تھا۔ لیکن موسمیاتی مرکز کی جانب سے موصول کردہ اعدادوشمار اور پیمائش سے مذکورہ ٹیم کو درجہ حرارت سے متعلق زیادہ درست معلومات میسر آئیں۔


زمین پر باضابطہ آلات کے استعمال سے سب سے کم درجہ حرارت 1983 میں روس کے ووستوک سٹیشن میں منفی 128 ڈگری فارن ہائیٹ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ یہ سیٹلائٹ سے حاصل کیے گئے درجہ حرارت سے مختلف ہے، جس میں درجہ حرارت  سطح سے اوپر ہوا کی پیمائش سے لیا جاتا ہے۔ جبکہ سیٹلائٹ سے زمین کی سطح یا اس کے نیچے بھی درجہ حرارت معلوم کیا جا سکتا ہے۔
پچھلی تحقیق سے پتا چلا کہ سیٹلائٹ سے بہت زیادہ کم درجہ حرارت کی درست پیمائش کے لیے آسمان کا صاف اور ہوا کا خشک ہونا ضروری ہے۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu