حیرت انگیز شخص جو اپنے پاؤں کو بالکل الٹ گھما کر چل سکتا ہے

Ameen Akbar امین اکبر ہفتہ 25 اگست 2018 19:23

حیرت انگیز  شخص  جو اپنے پاؤں کو بالکل الٹ گھما کر  چل سکتا ہے

آپ نے بچپن میں ایسی  چڑیلوں کے بارے میں سنا ہوگا کہ جن  کے پاؤں پیچھے کی طرف ہوتے ہیں لیکن وہ آگے کی طرف چلتی ہیں۔کہانیوں میں  ایسی  چڑیلوں کو پچھل پیری  کہا جاتا ہے۔آج ہم آپ کو ایک ایسے شخص کے بارے میں بتاتے ہیں، جو چاہے تواپنی ٹانگوں کو  180 ڈگری پیچھے کی جانب موڑ کر چل سکتے ہیں۔
امریکی ریاست مشی گن سے تعلق رکھنے والے 57 سالہ موسس لینہم کو ”مسٹر پلاسٹک“ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔

اس غیر معمولی خطاب کی وجہ اُن کےاپنی ٹانگوں کو 180 ڈگر ی پیچھے  موڑ کر  چلنے کی صلاحیت ہے۔ موسس نے 14 سال کی عمر میں اپنی اس صلاحیت کو دریافت کیا۔ وہ جم میں رسی پر چلنے کی کوشش میں نیچے گرے  تو انہیں احساس ہوا کہ وہ اپنی ٹانگیں پیچھے کی طرف بھی موڑ سکتے ہیں اور ایسا کرتے ہوئے انہیں کسی قسم کے درد کا احساس تک نہیں ہوتا۔

(جاری ہے)


میڈیکل ٹسٹ کے بعد پتا چلا کہ  اُن کی  ٹانگوں، گھٹنوں اور کولہوں کے جوڑوں میں کارٹیلیج (کرکری ہڈی) کی دگنی مقدار ہے۔

کارٹیلیج  انسانی جسم کے جوڑوں میں ہڈیوں کے درمیان ایک نرم، چکنی اور لچک دار ہڈی ہوتی ہے۔اس کا کام  کسی جوڑ پر ہڈیوں کے آپس میں ملنے والے مقام پر ہڈیوں کی سطح کو چکنا رکھنا ہے، جس کی وجہ سے ہڈیوں کی حرکت اور موڑنے کے دوران تکلیف نہیں ہوتی ۔
اپنی اس خداداد صلاحیت کی بدولت مسٹرپلاسٹک عرصے سے لوگوں کو حیران اور خوفزدہ کر رہے ہیں۔

اسی صلاحیت کی وجہ سے انہوں نے دو گینیز ورلڈ ریکارڈ بنائے۔ ان میں سےایک ریکارڈ آج بھی اُن کے نام پر ہے۔
دنیا کے سب سے زیادہ لچک دار پاؤں کا عالمی ریکارڈ تو اب اُن کے پاس نہیں لیکن  پاؤں پیچھے موڑ کر 20 میٹر تک چلنے کا عالمی ریکارڈ اب بھی ان کے پاس ہے۔ موسس نے بتایا کہ دنیا میں ایک شخص اور بھی ایسا ہے جو اپنی ٹانگیں پیچھے کی طرف موڑ سکتا ہے لیکن وہ واحد ایسے شخص ہیں جو ٹانگیں پیچھے کر کے چل بھی سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu