آسٹریلیا کا سب سے بڑا بیل ، نائیکرز، جسے ذبح کرنا بھی مسئلہ ہے

Ameen Akbar امین اکبر بدھ 28 نومبر 2018 23:42

آسٹریلیا کا سب سے بڑا بیل ، نائیکرز، جسے ذبح کرنا بھی مسئلہ ہے

آج کل انٹرنیٹ ایک بڑے بیل کی تصاویر کافی وائرل ہیں۔ یہ بیل گائیوں کے درمیان کھڑا ہے۔ تصویروں کو دیکھ کر لگتا ہے کہ یہ فوٹوشاپڈ ہیں لیکن حقیقت میں ایسا نہیں۔یہ بیل حقیقت میں موجود  ہے۔ نائیکرز نامی یہ بیل اتنا بڑا ہے کہ اسے ذبح کرنا بھی مسئلہ ہے۔
اس بیل کا کھُروں سے کندھوں تک قد 6 فٹ 4 انچ اور وزن 1.5 ٹن یا 37.5 من ہے۔ ہولسٹن فریزن نسل کا یہ بیل میالپ، مغربی آسٹریلیا کے ایک فارم میں ہے۔

نائیکرز کی تصویریں دیکھ کر تو لوگ اس کے حقیقی ہونے کے بارے میں شبہات کا اظہار کرتے رہے لیکن پھر اس کی ویڈیو بھی سامنے آگئی، جس کے بعد اس کے حقیقی ہونے پر شک کرنے کی گنجائش ہی نہ رہی۔ نائیکرز کو کروڑوں مویشیوں کے دیس آسٹریلیا کا سب سے بڑا بیل سمجھا جا سکتا ہے۔
ہولسٹن فریزن نسل کے  گائے اور بیل کافی بڑے ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس نسل کے بالغ مویشیوں کا اوسط کندھوں تک  قد 147 سینٹی میٹر یا 58 انچ  اور وزن 1500 پاؤنڈ ہوتا ہے لیکن نائیکرز اپنی نسل کے دیگر جانوروں سے بہت زیادہ بڑا ہے۔

وہ اتنا بڑا ہے کہ جب اس کے مالک نے پچھلے ماہ اسے نیلام کرنے کی کوشش کی  تو کسی نے بھی اسے نہ خریدا۔ گوشت کا کام کرنےو الے لوگوں کا کہنا تھا کہ یہ بیل اتنا بڑا ہے کہ اسے ذبح کرنا آسان کام نہیں۔
20 ہزار مویشیوں کے مالک جیوف پیرسن نے نائیکرز کو 400 ڈالر میں خریدا تھا، اس وقت نائیکرز کی عمر صرف 12 ماہ تھی۔ جیوف کو امید نہیں  تھی کہ نائیکرز اتنا بڑا ہو جائے گا۔

نائیکرز کا وزن اس پیمانے پر کیا جاتا ہے، جو بہت سے مویشیوں کا ایک ساتھ وزن کرنے کے کام آتا ہے۔جیوف کا کہنا ہے کہ شروع میں نائیکرز کو اس لیے فروخت نہیں کیا کہ وہ اس کا  زیادہ سے زیادہ وزن دیکھنا چاہتے تھے لیکن اب نائیکرز اتنا بڑا ہوگیا ہے کہ اس کا فروخت ہونا مشکل ہے۔
ذبح ہونے سے بچنے کے بعد نائیکرز سکون سے فارم میں رہتا ہے  اور مویشیوں کے ریوڑ کی رہنمائی کرتا ہے۔ نائیکروز جہاں جاتا ہے، دوسرے مویشی اس کے پیچھے چلتے ہیں۔
اس وقت دنیا کا سب سے اونچا زندہ بیل   اٹلی میں  ہے، جس کا قد 2.027 میٹر ہے۔ بلینو میں موجود اس بیل کی پیمائش 2010 میں کی گئی تھی۔

آسٹریلیا کا سب سے بڑا بیل ، نائیکرز، جسے ذبح کرنا بھی مسئلہ ہے

Browse Latest Weird News in Urdu