اٹلی کے ٹاون ویرونا میں ہر سال شیکسپیئر کے کردار جولیٹ کے نام ہزاروں خطوط آتے ہیں

Ameen Akbar امین اکبر جمعرات 14 فروری 2019 23:54

اٹلی کے ٹاون ویرونا میں ہر سال  شیکسپیئر کے کردار جولیٹ کے نام  ہزاروں خطوط آتے ہیں
ہر سال اٹلی کے ٹاؤن ویرونا ، جو شیکسپیئر کے کرداروں رومیو اور جولیٹ   کا گھر ہے،  میں جولیٹ کے نام   پر ہزاروں خطوط آتے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ رومیو اور جولیٹ کی ہیروئین  کے نام آنے والے تمام خطوط کے جولیٹ  کی طرف سے جوابات بھی دئیے جاتے ہیں۔
جولیٹ کے نام خطوط بھیجنے کی روایت صدیوں پرانی ہے۔ اس ٹاؤن میں ایک یادگار کو جولیٹ کے مقبرے سے بھی منسوب کیا گیا ہے۔

  شروع میں تو لوگ اس مقبرے پر حاضری دے کر یہاں اپنے خطوط چھوڑتے تھے۔ اس کے بعد لوگ براہ راست ڈاک کے ذریعے خطوط بھیجنے لگے۔ ان خطوط پر جولیٹ ، ویرونا ، اٹلی ہی درج ہوتا ہے اور یہ اپنے مطلوبہ مقام پر پہنچ جاتے ہیں۔1990 کی دہائی میں جولیٹ  کے لیے آنے والے خطوط کے لیے ایک الگ  دفتر بنایا گیا۔ جولیٹ کلب  نامی اس   دفتر میں  ہر سال 6 ہزار سے زیادہ خطوط موصول ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

جولیٹ کلب کے رضاکار تمام خطوط کےجوابات ہاتھ سے تحریر کرتے ہیں۔
جولیٹ کلب شہر سے باہر ایک چھوٹی سی عمارت میں قائم ہے۔ اس میں رضاکاروں کی ایک چھوٹی سی فوج کام کرتی  ہے جو خود کو ”سیکرٹری“ کہتے ہیں۔ جولیٹ کے سیکرٹری دنیا  کی کئی زبانوں میں آنے والے خطوط کو پڑھتے اور اُن کے جوابات دیتے ہیں۔جولیٹ  کے سیکریٹریز میں جوان طلباء، معمر افراد، طلاق یافتہ، شادی شدہ، باورچی، معیشت دان، محقق، ادیب اور ڈانسر بھی شامل ہیں۔


ویرونا کی انتظامیہ جولیٹ کی طرف سے لکھے جانے والے تمام خطوط کے ڈاک اور کاغذ کے اخراجات  برداشت کرتی ہے۔ شہر کی انتظامیہ  اس طرح سے اپنے شہر کی  رومیو اور جولیٹ کے شہر کے طور پر تشہیر کرتی ہے، جس سے  سیاحت کو فروغ ملتا ہے ۔ جولیٹ کلب میں کام کرنے والے رضاکار مفت کام کرتے ہیں۔
جولیٹ کلب کی انتظامیہ ہر سال ایک بہترین خط کا انتخاب کر کے اسے جولیٹ پرائز سے بھی نوازتی ہے۔ آج کے جدید دور میں جولیٹ کو خط لکھنے کے علاوہ [email protected] پر  ای میل بھی بھیجی جا سکتی ہے۔
جولیٹ کلب کی ویب سائٹ وزٹ کرنے کے لیےیہاں کلک کریں۔

Browse Latest Weird News in Urdu