چینی جوڑے نے اپنے اپارٹمنٹ میں خود کو کٹوانے کے لیے 10 ہزار شہد کی مکھیاں پال لیں

Ameen Akbar امین اکبر جمعہ 5 اپریل 2019 23:55

چینی جوڑے نے اپنے اپارٹمنٹ میں خود کو کٹوانے کے لیے  10 ہزار شہد کی مکھیاں پال  لیں
چین کے شہر ننگبو  میں پچھلے  ایک سال سے ایک چینی جوڑے نے اپنے بلندی پر واقع   اپارٹمٹ  کی بالکونی میں 10 ہزار مکھیاں  پالی ہوئی ہیں، جس سے ہمسائے بھی پریشان ہیں۔
اس چینی جوڑے نے جب ہمسایوں کی شکایت پر  کان نہیں دھرے تو ہمسایوں نے پولیس کو فون کر دیا۔ چینی جوڑے ، جن کا نام ظاہر نہیں کیا گیا، نے ان مکھیوں کو شہد کے لیے نہیں بلکہ انہیں اپنے علاج کے لیے رکھا ہے۔

چین میں شہد کے مکھیوں کے ڈنک  کو ادویات کا متبادل سمجھا جاتا ہے۔ اس کا ڈنک کئی بیماریوں جیسے   جوڑوں کا پتھرانا وغیرہ کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔تاہم ان مکھیوں نے ہمسایوں کے چہرے سوجھا دئیے ہیں۔یہ مکھیاں ہمسایوں کے لیے کئی طرح کی پریشانیوں کا باعث بن رہی ہیں۔
ہمسایوں کا کہنا ہے کہ یہ مکھیاں باہر دھوپ میں سوکھتے اُن کے کپڑوں پر بیٹ کر دیتی ہیں اور اُن کی کھڑکیوں کے باہر منڈلاتی رہتی ہیں، جس کی وجہ سے وہ اچھے موسم میں بھی کھڑکیاں نہیں کھول سکتے۔

(جاری ہے)


بلڈنگ کی انتظامیہ نے بھی اس جوڑے سے مکھیاں ہٹانے کی درخواست کی لیکن اس جوڑے نے اپنی پالتو مکھیاں ہٹانے سے انکار کر دیا، جس پر بلڈنگ انتظامیہ اورہمسایوں نے 29 مارچ کو  پولیس کو بلا لیا۔
پولیس کے کہنے پر اس جوڑے نےپہلے پہل تو اپنی پالتو مکھیاں ہٹانے سے انکار کر دیا لیکن جب پولیس نےبتایا کہ  وہ  اس جوڑے پر 200 سے 500 یوان (30 سے 74 ڈالر) جرمانہ کر دیں گے تو اس جوڑے نے مکھیاں ہٹانے کی یقین دہانی کرا دی۔
سوشل میڈیا پر بھی اس جوڑے کو خاصی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔انہیں خودغرض اور ہمسایوں کی بھلائی سے غافل قرار دیا جا رہا ہے۔ایک صارف نے اس خبر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنے گھر میں ڈائنو سار بھی پال سکتے ہیں مگر شرط ہے کہ اس سے دوسرے لوگ متاثر نہ ہوں۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu