74سالہ خاتون جڑواں بچوں کو جنم دینے والی عمر رسیدہ ترین خاتون بن گئیں

Ameen Akbar امین اکبر ہفتہ 7 ستمبر 2019 23:56

74سالہ خاتون  جڑواں بچوں کو جنم دینے والی عمر رسیدہ ترین خاتون بن گئیں

بھارتی ریاست آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والی 74 سالہ خاتون مانگایاما  اتنی طویل عمر میں بچوں کو جنم دینے عمر رسیدہ ترین  خاتون بن گئی ہیں۔ انہوں نے آئی وی ایف طریقہ کار سے دو بیٹیوں کو جنم دیا۔
بھارتی خاتون نے  نیلاپرتھیپوڈی گاؤں کے کسان یارامتی سیتاراما  راجاراؤ سے 1962ء میں شادی کی تھی۔ بہت سے ڈاکٹروں اور مندروں کے چکر لگانے کے باوجود اُن کےہاں 54 سالوں تک  اولاد نہیں ہوئی۔

مانگایاما کا کہنا ہے کہ اولاد نہ ہونے کی وجہ سے شروع میں لوگ انہیں ایسے دیکھتے تھے جیسے انہوں نے کوئی گناہ کیا ہو، کچھ لوگ انہیں نحوست زدہ کہتے تھے۔
تاہم اُن کے شوہر اُن کی ہمت بندھاتے  رہتے۔ مانگایاما 25 سال پہلے سن یاس (مینو پاز) کو پہنچی تھی لیکن پھر بھی اُن کی ماں بننے کی خواہش کبھی نہیں گئی۔

(جاری ہے)

پچھلے سال اُن کی ایک ہمسائی 55سال کی عمر میں آئی وی ایف کے طریقہ کار سے  حاملہ ہوئیں تو مانگایاما نے بھی اسی طریقہ سے ماں بننے کا سوچا۔


مانگایاما کو چونکہ ذیابیطیس اور بلڈ پریشر کی بیماری نہیں تھی اس لیے  گنٹر کے اہالیا نرسنگ ہوم کے ڈاکٹروں نے انہیں آئی  وی ایف سے ماں بننے کے لیےموزوں قرار دے دیا۔تاہم ڈاکٹروں نے مانگایاما سے نفسیاتی علاج کرانے کے لیے بھی کہا تاکہ دوران حمل وہ نفسیاتی طور پر مضبوط رہیں۔
اتنی زیادہ عمر کے باوجود مانگایاما   آئی  وی ایف پروسیجر کے پہلے ہی سائیکل میں امید سے ہو گئیں۔

اگلے نو ماہ میں دس ڈاکٹروں نے اُن کی عمومی ، غذائی اور قلبی صحت   پر نظر رکھی۔5 ستمبر کو مانگایاما 74 سال کی عمر میں دو جڑواں بیٹیوں کی ماں بن گئیں۔ اس سے پہلے 2016 میں  دالجندر کور نے 70 سال کی عمر میں  آئی وی ایف سے ایک بیٹے کو جنم دے کر عالمی ریکارڈ بنایا تھا۔
مانگایاما نے رپورٹروں کو بتایا کہ  وہ بہت خوش ہیں کہ ااب ُن کے اپنے بچے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu