خالی پیپر دینے والی طالبہ کو 100 فیصد نمبر مل گئے

Ameen Akbar امین اکبر ہفتہ 12 اکتوبر 2019 23:36

خالی پیپر دینے والی طالبہ کو 100 فیصد نمبر مل گئے

ننجا کی تاریخ پڑھنے والی ایک  جاپانی طالبہ کو  ایک اسائنمنٹ   کے 100 فیصد نمبر ملے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ طالبہ نے اسائمنٹ کی صورت میں اپنے استاد کو خالی صفحات دئیے تھے جبکہ حقیقت میں ان صفحات پر  غیر مرئی روشنائی سے  ننجا پر مضمون لکھا ہوا تھا۔
ننجا اپنی خفیہ کاروائیوں کے لیے کافی مقبول تھے۔ اس لیے  جب می یونیورسٹی میں ایمی ہاگا کے ننجا کی تاریخ کے استاد نے  انہیں  ایک ننجا میوزیم کے دورے پر مضمون لکھنے کے لیے کہا  تو انہوں نے مضمون لکھنے کے لیے انوکھا  اور خفیہ طریقہ اپنایا۔

ایمی کے استاد نے   اچھوتے اور  تخلیقی مضمون کو الگ سے نمبر دینے کا بھی وعدہ  کیا تھا۔  اس پر ایمی نے ننجا کی طرح اپنے مضمون کو خفیہ رکھنے کا فیصلہ کیا۔اس کے لیے انہوں نے  ابوریداشی تیکنیک اپنائی۔

(جاری ہے)

ابوریداشی   خفیہ پیغامات کے تبادلے کی روایتی جاپانی تیکنیک ہے۔ ایمی  نے کئی دنوں تک اس تیکنک پر تحقیق کی۔انہوں نے سویا بین کو بھگو اور پیس کر غیر مرئی سیاہی بنائی۔

19 سالہ ایمی نے ساری رات تک سویا بین بھگو کر رکھے، اس کے بعد انہیں پیسا اور ایک کپڑے سے اس کا رس الگ کر لیا۔ اس رس میں انہوں نے  پانی ملایا  اور کئی گھنٹوں بعد مطلوبہ نتائج حاصل کر لیے۔ اس کے بعد انہوں نے جاپان کے واشی کاغذ پر ایک پینٹ برش کی مدد سے مضمون کو پینٹ کرنا شروع کر دیا۔جب انہوں نے خالی شیٹ اپنے استاد کو پکڑائی تو وہ بھی حیران رہ گئے۔


ایمی کے استاد پروفیسر یوجی یامادا نے بتایا کہ انہوں نے کوڈ ورڈ میں تو رپورٹس دیکھی ہیں لیکن ابوریداشی کی شکل میں لکھا ہوا مضمون کبھی نہیں دیکھا۔ پروفیسر یوجی نے بتایا کہ انہیں الفاظ کے درست طریقے سے نظر آنے پر شک تھا لیکن جب انہوں نے  اپنے گھر پر گیس کے چولہے پر کاغذ کو گرم کیا تو  کاغذ پر لکھے تمام الفاظ درست نظر آ رہے تھے، جس پر ان کی زبان سے شاباش نکلا۔


پروفیسر یوجی نے ایمی کے مضمون کو پورا پڑھنے بغیر چھوڑ دیا۔ انہوں نے باقی مضمون  کے کاغذ کو میڈیا کے سامنے پڑھنے  کا فیصلہ کیا لیکن انہوں نے  اپنے وعدے کے مطابق ایمی کے تخلیقی ذہن کی وجہ سے مضمون کو پورے نمبر دئیے۔دوسری طرف ایمی کو بھی یقین تھا کہ اسے تخلیقی طریقہ استعمال کرنے کی وجہ سے مکمل نمبر ملیں حالانکہ اُن کے خیال میں مضمون بذات خود اتنا زیادہ اچھا نہیں تھا۔

Browse Latest Weird News in Urdu