6 افراد پر مشتمل ڈچ خاندان 9 سالوں سے ایک فارم میں قیامت کا انتظار کر رہا تھا

Ameen Akbar امین اکبر بدھ 16 اکتوبر 2019 19:43

6 افراد پر مشتمل ڈچ خاندان 9 سالوں سے ایک فارم میں قیامت کا انتظار کر رہا تھا
ڈچ پولیس نے حال ہی میں ایک 58 سالہ شخص اور اُن کے خاندان کے 5 بالغ افراد کو صوبہ درینتے کے دور دراز مقام پر واقع ایک فارم سے دریافت کیا ہے۔ یہ خاندان اس جگہ پر 9 سال سے موجودتھا۔ یہ خاندان پچھلے 9 سالوں کے دوران مبینہ طور پر اس جگہ سے کہیں نہیں گیا اور یہاں بیٹھ کر قیامت کا انتظار کرتا رہا ۔ اس خاندان کا ایک 25 سالہ شخص جب بھاگ کر قریبی گاؤں رونروولڈ کے پب میں پہنچا تو اس خاندان کے بارے میں معلوم ہوا۔

پب کے مالک نے صحافیوں کو بتایا کہ جب انہوں نے پہلی بار اس شخص کو دیکھا تو اس کی داڑھی بہت بڑھی ہوئی اور گندی تھی، اس کے کپڑے بھی پرانے اور بوسیدہ تھے۔اس کے بعد اس شخص نے یکے بعد دیگرے شراب کے پانچ گلاس پی لیے۔اس کے بعد پب کے مالک نے اس شخص سے بات چیت شروع کر دی۔

(جاری ہے)

اس شخص نے پب کے مالک کو بتایا کہ وہ قریبی گاؤں کے فارم ہاؤس سے بھاگ کر آیاہے، کیونکہ وہ اس طرح کی زندگی نہیں گزار سکتا۔

اس شخص نے بتایا کہ اس کے بھائی اور بہنیں بھی وہاں موجود ہیں۔ اس شخص نے بتایا کہ 9 سالوں میں نہ ہی کبھی وہ سکول گیا اور نہ ہی کبھی کسی حجام کے پاس گیا کہ اپنی داڑھی ہی بنوا لیتا۔ پولیس نے اس فارم کی تلاش شروع کی تو پتا چلا کہ اس تک نہر کا ایک پل پار کر کے ہی جایا جا سکتا ہے۔یہ فارم ہاؤس پہلی نظر میں دیکھنے پر اجڑا ہوا لگتا تھا لیکن اس میں الماری کے پیچھے سیڑھیاں تھی جو نیچے ایک چھوٹے سے کمرے تک جاتی تھی۔

اس کمرے میں چار نوجوان اور ایک بوڑھا شخص موجود تھے۔ اس بوڑھے شخص کی شناخت جوزف بی کے نام سے ہوئی تھی۔ رونر وولڈ کے لوگ اسے اجرت پر چھوٹے موٹے کام کرنے والے کے طور پر جانتے تھے۔ 18 سے 25 سال کے پانچوں جوانوں کا کہنا تھا کہ جوزف اُن کا باپ ہے تاہم میئر روجر ڈی گروٹ کا کہنا ہےکہ یہاں موجود کچھ لوگ مقامی طور پر رجسٹر نہیں اور نہ ہی جوزف ان کا باپ ہے۔

اس حیرت انگیز دریافت کے بعد مقامی لوگوں کو یاد آیا کہ اس فارم میں انہیں ہمیشہ کچھ عجیب و غریب محسوس ہوتا تھا۔ ایک شخص نے یاد کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اس فارم پر ایک ہی شخص کو کام کرتے ہوئے دیکھا ہے۔اسی طرح ڈاکیے نے بتایا تھا انہوں نے کبھی بھی اس فارم پر کو خط نہیں پہنچایا، کافی عجیب ہے۔ پولیس نے جوزف بی کو گرفتار کر لیا ہے لیکن انہوں نے پولیس کےساتھ کسی بھی طرح کا تعاون کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu