دُبئی میں عبایہ پوش چورکی انوکھی واردات، 30 لاکھ درہم لُوٹ کر فرار

واردات کے باوجود یورپی ملزم صرف 45 منٹ میں گرفتار کر لیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 2 نومبر 2019 16:56

دُبئی میں عبایہ پوش چورکی انوکھی واردات، 30 لاکھ درہم لُوٹ کر فرار
دُبئی(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔2 نومبر 2019ء ) دُبئی میں ایک چور نے عبایہ پوش خاتون کے رُوپ میں انوکھی واردات کر ڈالی۔ ملزم واردات کامیابی سے کرنے کے بعد 30 لاکھ درہم لُوٹ کر فرار ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق ایک یورپی ملک سے تعلق رکھنے والے پیشہ ور چور نے سٹی واک ڈسٹرکٹ کے علاقے میں ایک اپارٹمنٹ میں اس ہوشیاری سے واردات انجام دی کہ وہاں موجود الارمز کو بھی ایک مخصوص کیمیکل چھڑک کر ناکارہ بنا دیا۔

جس کے بعد اُس نے انتہائی مضبوط سیف میں اوزاروں کی مدد سے سوراخ کیا۔ اور پھر تمام رقم ایک سُوٹ کیس میں ڈال کر فرار ہو گیا۔ اس نے یہ سارا کام چند منٹوں کے اندر انجام دیا اور وہاں سے چلتا بنا تاہم دُبئی پولیس نے انتہائی پھُرتی سے کام لیتے ہوئے اُسے محض 45 منٹ کے اندر گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ملزم نے جس گھر میں واردات کی، وہ ایک فرانسیسی تاجر کا ہے۔

جو چند روز قبل اپنی حاملہ بیوی کے ساتھ یورپ چلا گیا تھا، اور اپارٹمنٹ میں اور رہائش پذیر نہ تھا۔ یورپی ملزم کو اُس کے ایک ساتھی نے بتایا تھا کہ وہ فرانسیسی تاجر اپنے اپارٹمنٹ میں لاکھوں درہم کی رقم بھی چھوڑ کر گیا ہے۔ جس کے بعد اُس نے عبایہ پوش خاتون کا رُوپ دھار کر یہ واردات انجام دی۔ پولیس کے مطابق ملزم متحدہ عرب امارات میں اس سے قبل متعدد وارداتیں انجام دے چکا تھا۔

ملزم جب واردات کو انجام دینے کے لیے دُبئی پہنچا تو پولیس نے اُس کے ایئرپورٹ پر اُترتے ہی اُس پر نظر رکھنا شروع کر دی تھی۔ ملزم ایئرپورٹ سے سیدھا ہارڈ ویئر کی ایک دُکان پر گیا اور وہاں سے ڈرل مشین اور دیگر اوزار خریدے اور اس کے بعد دیرہ میں نائف کے علاقے میں ایک سستے سے ہوٹل میں کمرہ لے لیا۔ دو روز بعدوہ واردات کے لیے ہوٹل سے نکلا تو اُس نے خود کو نقاب اور عبائے میں چھُپا رکھا تھا اور ساتھ میں ایک سُوٹ کیس بھی اپنے ساتھ سرکائے جا رہا تھا۔

ملزم نے ہوٹل سے نکل کر ڈاؤن ٹاؤن دُبئی کے قریب واقع سٹی واک کے لیے ٹیکسی بُک کروائی اور فرانسیسی تاجر کی رہائشی بلڈنگ میں پہنچ گیا۔ وہاں پہنچ کر اُس نے سیف میں ڈرلِنگ کر کے وہاں سے 30 لاکھ درہم کی رقم نکال کر سُوٹ کیس میں منتقل کی۔ حالانکہ اس سیف میں1 کروڑ سے زائد مالیت کی رقم اور زیورات پڑے تھے، مگر یورپی چور کو اس بات کا پتا نہ چلا سکا۔

اس کے بعد اُس نے باہر آکرتھوڑی دیر پیدل چل کر ٹیکسی لی اور ہوٹل کی جانب روانہ ہو رہا تھامگر تاک میں بیٹھی پولیس نے اُسے رقم کے ساتھ رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ ملزم اپنی دانست میں انتہائی محفوظ طریقہ سے واردات کرنے کے باوجود محض 47 منٹ بعد گرفتار کر لیا گیا۔ دُبئی پولیس کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف کریمنل انویسٹی گیشن کے سربراہ جنرل جمال سالم الجلاف نے عوام پر زور دیا کہ وہ متحدہ عرب امارات سے لمبے عرصے کے لیے باہر جاتے وقت ہوم سیکیورٹی سروس میں اپنا اندراج کروا لیں۔ اس ادارے کے آفیسرز ایسے گھروں اور اپارٹمنٹس کی سیکیورٹی کی خاطر وقتاً فوقتاً چکر لگاتے رہتے ہیں۔ اس واردات کی ویڈیو ملاحظہ کریں:
دُبئی میں عبایہ پوش چورکی انوکھی واردات، 30 لاکھ درہم لُوٹ کر فرار

Browse Latest Weird News in Urdu