ہوم ورک نہ کرنے پر باپ نے زندگی کا سبق سکھانے کے لیے بیٹے کو بھیک مانگنے کھڑا کر دیا

جمعرات 19 دسمبر 2019 23:58

ہوم ورک نہ کرنے پر باپ نے زندگی کا سبق سکھانے کے لیے بیٹے کو بھیک مانگنے کھڑا کر دیا
ہوم ورک نہ کرنے پر ایک چینی  باپ نے اپنے بیٹے کو زندگی کا  سبق سکھانے کے لیے  شنگھائی کے ریلوے سٹیشن پر بھیک مانگنے کے لیے کھڑا کر دیا۔  باپ کی اس حرکت پر چینی سوشل میڈیا  صارفین  نے اسے کافی برا بھلا کہا ہے۔
پچھلی جمعرات کو شنگھائی پولیس کو ایک ایمرجنسی فون کال  آئی ، جس میں بتایا گیا کہ  ریلوے اسٹیشن پر سکول بیگ کے ساتھ ایک چھوٹا بچہ  اپنے گھٹنوں پر جھکا کھانے کی بھیک مانگ رہا ہے۔

  پولیس فوراً ہی موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس  آفیسر نے موقع پر پہنچ کر دیکھا کہ ایک 10 سالہ بچہ چھوٹا سا برتن پکڑے لوگوں سے کھانے کی بھیک مانگ  رہا ہے۔پوچھنے پر لڑکے نے بتایا کہ 45 منٹ پہلے ہی اس کا باپ اسے باتھوں میں برتن پکڑائے سٹیشن پر چھوڑ گیا ہے اور کہا ہے کہ سکول کا ہوم ورک نہ کرنے کی سزا میں اجنبیوں سے بھیک مانگو۔

(جاری ہے)

لڑکے نے بتایا کہ اس کے ٹیچر نے اس کے والد سے وقت پر ہوم ورک ختم نہ کرنے کی شکایت کی  تھی، جس کے جواب میں اسے یہ سزا ملی ہے۔


آفیسر اس  لڑکے کو اپنے ساتھ پولیس اسٹیشن لے گئے جہاں اسے بسکٹ اور گرم مشروب پیش کیا گیا۔ پولیس نے لڑکے کی ماں سے رابطہ کیا تو وہ ایک گھنٹے بعد اسے لینے آگئی۔ لڑکے کی ماں نے بتایا کہ  اس کا شوہر اپنے بیٹے کے ہوم ورک نہ کرنے سے کافی پریشان ہے۔ لڑکے کی ماں نے بتایا کہ اس کے شوہر نے بیٹے کو زندگی کا سبق سکھانے کے لیے یہ سزا دی ہے اور بتایا ہے کہ اگر ہوم ورک نہیں کرو گے تو آگے ایسی زندگی تمہاری منتظر  ہوگی۔
یہ واضح نہیں ہو سکا  کہ پولیس نے لڑکے کے باپ کے خلاف کوئی اقدام اٹھایا ہے یا نہیں۔رپورٹس کے مطابق پولیس نے لڑکے کی ماں کو خبردار کیا ہے کہ ایسی سزائیں نہ صرف بچے  اور اُن کی اپنی  عزت نفس  بلکہ عوام کے لیے بھی  نقصان دہ ہو سکتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu