اپنے ڈیپارٹمنٹل سٹور کو صرف ایک دن بند کرنے والا جاپانی شخص قومی خبروں کا موضوع بن گیا

Ameen Akbar امین اکبر ہفتہ 18 جنوری 2020 23:56

اپنے ڈیپارٹمنٹل سٹور کو  صرف ایک دن بند کرنے والا جاپانی شخص  قومی خبروں کا موضوع بن گیا
اوکاسا ، جاپان میں واقع ایک ڈیپارٹمنٹل  یا سہولت سٹور  کے ایک دن بند ہونے کی وجہ سے ایک تنازعہ کھڑا ہو گیا ہے۔ اس ڈیپارٹمنٹل سٹور کو مالک نے  نئے سال  کے موقع پر ایک دن کے لیے بند کیا تھا۔  جاپان میں ، جہاں  ڈیپارٹمنٹل سٹورز سارا سال  ہفتے میں 7 دن 24 گھنٹے کھلے  رہتے ہیں، کسی ایک سٹور کا بند ہونا کافی بڑی بات لگتا ہے۔
ڈیپارٹمنٹل سٹورز تو ساری دنیا میں ہی ہوتے ہیں لیکن جاپان کے شہری علاقوں میں تقریباً ہر گلی میں موجود ڈیپارٹمنٹل سٹورز، جہاں اے ٹی ایم، وائی فائی،  پرنٹنگ، ڈیلیوری سروسز اور گروسری کی سہولت ہوتی ہے،   سارے سال   ہر وقت کھلے رہتے ہیں، جس کی وجہ سے شہریوں کی زندگی حد سے زیادہ آسان ہوگئی ہے۔


پچھلے ماہ مٹوشی ماٹسوموٹو ، جو جاپان بھر میں پھیلے ہزاروں  ڈیپارٹمنٹل سٹورز  کی فرنچائز میں سے  ایک کے مالک ہیں، کو ملک گیر شہرت حاصل ہو گئی۔

(جاری ہے)

مٹوشی اور اُن کی بیوی نے 2012 میں ہیگاشی اوساکا میں سیون الیون سٹور کی فرنچائز لی تھی۔ تب سے تمام معاملات درست جا رہے تھے لیکن 2018 میں مٹوشی کی بیوی کی وفات کے باعث  اُن کی مشکلات بڑھنا شروع ہو گئیں۔

چونکہ لوگ اُن کےپاس کام کرنا نہیں چاہتے تھے، اس لیے انہیں ایک دن میں 14 گھنٹے کام کرنا پڑتا۔ اسی  وجہ سے انہیں اپنے بیٹے کو کالج سے ہٹانا پڑا۔
فروری 2019 میں مٹوشی  اپنے کام کے اوقات سے تھک گئے۔ انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ رات 1 بجے سے صبح 6 بجے تک اپنے سٹور کو بند رکھیں گے۔اُن کے اس  اعلان  پر  سیون الیون نے انہیں مطلع کیا کہ اس پر اُن کا فرنچائز کا کنٹریکٹ منسوخ کیا جا سکتا ہے اور  انہیں 1 لاکھ 55 ہزار ڈالر جرمانہ  بھی کیا جا سکتا ہے۔

اس کا مٹوشی پر کچھ اثر نہیں ہوا اور انہوں نے روز چند گھنٹوں کے لیے  سٹور بند کرنا شروع کر دیا۔
سیون الیون نے اُن  کے اس اقدام پر  ابھی کوئی ایکشن نہیں  لیا تھا کہ مٹوشی نے  ایک اور انتہائی قدم اٹھا لیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ  نئے سال کے پہلے دن وہ اپنے سٹور کو بند رکھیں گے تاکہ  وہ اور اُن کے دو ملازم آرام کر سکیں۔اس پر ایک تنازعہ کھڑا ہوگیا۔

سیون الیون نے اُن کا معاہدہ منسوخ کر دیا۔ کمپنی نے معاہدہ ختم کرنے کی وجہ  مٹوشی کے برتاؤ کو قرار دیا۔ کمپنی کا الزام تھا کہ مٹوشی سوشل میڈیا پر  سیون الیون برانڈ کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ تاہم مٹوشی اور اُن کے حمایتیوں کا کہنا ہے کہ  کمپنی انہیں ایک مثال بنا رہی ہے۔ تب سے ہی کمپنی اور مٹوشی کے بیچ تنازعہ جاری ہے۔ کمپنی نے اُن کی فرنچائز منقطع کر دی ہے، اُن کی اے ٹی ایم مشین نے کام کرنا بند کر دیا ہے، اُن کے کمپیوٹر بھی ڈس کنکٹ ہو گئے ہیں اور سپلائر نے انہیں سامان کی ترسیل بھی بند کر دی ہے۔

مٹوشی اپنے سٹور پر موجود اشیا کو رعایتی قیمت پر فروخت کر رہے ہیں۔دونوں پارٹیوں کے بیچ عدالتی جنگ شروع ہو چکی ہے۔ مٹوشی کمپنی کو قصور وار سمجھ رہے ہیں۔ اُن کا کہنا ہے کہ اگر عدالت نے انہیں قصور وار قرار دیا تو وہ سٹور کی چابیاں  کمپنی کو دے کر چلتے بنیں گے۔اس کیس کے بعد جاپان میں ایک نئی بحث شروع ہوگئی ہے۔ کچھ افراد کا کہنا ہے کہ  مٹوشی کو معلوم تھا کہ  یہ سٹور ہر وقت کھلے رہتے ہیں، اس کے باوجود انہوں نے فرنچائز لی ہے جبکہ دیگر افراد کو کہنا ہے کہ کام کے طویل اوقات جاپان بھر میں ایک مسئلہ بنے ہوئے ہیں اور نان سٹاپ سٹورز  لوگوں کے لیے سہولت سے زیادہ مسئلہ بن گئے ہیں۔

Browse Latest Weird News in Urdu