دنیا کا مطلوب ترین منشیات فروش، جیل سے پھر فرار

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی پیر 13 جولائی 2015 14:19

دنیا کا مطلوب ترین منشیات فروش، جیل سے پھر فرار

میکسیکو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13جولائی2015ء) میکسیکو کا منشیات فروش جواکوئن ال چاپو گزمین اتوار کو میکسیکو سٹی سے باہر واقع محفوظ ترین جیل سے فرار ہو گیا ہے۔14 سالوں میں یہ جیل دوسری بار ٹوٹی ہے۔ گزمین کے فرار سےحکومت تنقید کی زد میں آ گئی ہے۔ نیشنل سیکورٹی کمیشن کے مطابق گزمین کو آخری بار سیکورٹی کیمروں نے الٹیپلانوجیل کے شاور ایر یا میں دیکھا تھا۔

یہ جیل دارالحکومت سے 90 کلو میٹر دور ہے۔ جب گزمین غائب ہو گیا تو فوراً ہی الام بجادیے گئے ۔سیکورٹی کمیشن نے اپنے بیان میں گزمین کے فرار کی تصدیق کر دی ہے۔مفرور گزمین کی تلاش کے لیے فوراً ہی بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ قریبی ریاستوں کی سڑکوں پر پہرے بٹھا دئیے گئے ہیں۔ نزدیک ہی واقع تولوکا ائیرپورٹ کی تمام پروازیں معطل کر دی گئیں ہیں۔

(جاری ہے)

الٹیپلانو جیل میں ملک کے بدنام منشیات فروش، قاتل اور اغوا کار سزا کاٹ رہے ہیں۔سیکورٹی کمیشن نے اتوار کی صبح ہونے والی پریس کانفرنس میں مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔ اس سے پہلے گزمین 2001 میں میلے کپڑوں کی گاڑی میں چھپ کر بھاگا تھا۔ فوجیوں نے اسے 2014 میں دوبارہ پکڑ لیا۔ 58 سالہ گزمین کا سینالوا کارٹل ساری دنیا میں منشیات کی فروخت کرتا ہے۔

اسے دنیا کا سب سے بڑا مطلوب ترین منشیات فروش کہا جاتا ہے۔اس کے دوسری دفعہ فرار ہونے سے حکومت کی خاصی سبکی ہوگی۔ صدر انرک پینا نیٹو، گزمین کے فرار کے وقت فرانس جا رہے تھے۔ پینا نیٹو کی حکومت نےجب گزمین کو پکڑا تھا تو اس کی بہت تعریف کی گئی تھی۔گزمین کو گرفتاری کے بعد ٹی وی کیمروں کے سامنے گھمایا گیا۔دو فوجیوں نے اس بیٹھا کر مینڈک کی طرح اس کی دوڑ لگوائی۔

عوام کا دشمن نمبر ایک

گزمین کا سینالوا کارٹل پیسیفک کے ساتھ ساتھ امریکا، یورپ اور ایشیا میں بھی منشیات بھیجا کرتا تھا۔گزمین کے پچھلی دفعہ گرفتار ہونے سے پہلے امریکی حکومت نے اس کی گرفتاری میں مدد دینے والےکے لیے 5 ملین ڈالر کےانعام کا اعلان کیا تھا۔شکاگو سٹی نے اسے عوام کا دشمن نمبر 1 قرار دیا تھا۔ گزمین کے امریکی گروہوں سے بھی گہرے روابط تھے۔

گزمین2013 تک فوربز میگزین کے ارب پتی افراد کی فہرست میں شامل تھا۔ اس کے بعد فوبز نے اعلان کیا کہ وہ گزمین کی دولت کا اندازہ نہیں لگا سکتے۔ فوربز نے یہ بھی کہا کہ گزمین اپنی دولت کو اپنے تحفظ کے لیےبے دریخ خرچ کر رہا ہے۔گزمین کا کارٹل اتنا طاقتور ہے کہ وہ بیک وقت پیراملٹری فورس اور دوسرے گروہوں سے برسوں برسر پیکار رہا۔میکسیکو میں 2006 سے اب تک 80 ہزار افراد صرف منشیات کی لڑائیوں میں مارے گئے۔

منشیات کےکارٹل اور حکومت کے درمیان لڑائیوں میں تیزی 2006 میں اُس وقت آئی جب سابق صدر نے ان گروہوں کے خاتمے کے لیے فوج اور نیوی کو بھیجا اس لڑائی میں 10 ہزار افراد تو صرف سیوداد جواریز میں ہنگاموں کے درمیان مارے گئے۔سینالوا اور جواریز کے کارٹل علاقے میں اپنی برتری کے لیے مسلسل لڑتے رہے۔جواریز امریکی ریاست ٹیکساس کے ساتھ منشیات کی اہم مارکیٹ ہے۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu