ٹیک وی لاگر کو دنیا کی سب سے بڑی عمارت سے آئی فون 7 پھینکنے پر پولیس نے پکڑ لیا

Ameen Akbar امین اکبر منگل 4 اکتوبر 2016 23:25

ٹیک وی لاگر کو دنیا کی سب سے بڑی عمارت سے آئی فون 7 پھینکنے پر پولیس نے پکڑ لیا

کچھ دن پہلے ہی ویڈیو سامنے آئی تھی (تفصیلات اس صفحے پر) کہ ایک ٹیکنالوجی ویڈیو لاگر نے دنیا کی سب سے بڑی عمارت سے آئی فون 7 نیچے پھینک دیا۔فون ٹوٹنے پر ویڈیو لاگر کو جو نقصان ہوا سو ہوا مگر دوبئی پولیس نے بھی اسے تفتیش کے لیے بلا لیا۔ پولیس کا موقف ہے کہ اس طرح فون پھینکنے سے نیچے موجود لوگوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ سکتی ہیں۔


دوبئی پولیس کو ویڈیو پھینکنے یا اس سے ہونے والے کسی نقصان کی خبر نہیں ملی تھی تاہم یوٹیوب صارف ، ٹیک ریکس، کی ویڈیو کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے انہوں نے تفتیش کا فیصلہ کیا۔ پولیس نے یوٹیوب صارف سے تفتیش کرنے کے بعد اسے اس یقین دہانی پر چھوڑا کہ وہ آئندہ ایسی حرکت نہیں کرے گا، جس سے کسی اور کی یا خود اس کی زندگی بھی خطرے میں پڑے۔

(جاری ہے)

پولیس کا کہنا ہے کہ اگر اس نے آئندہ کوئی ایسی حرکت کی تو اسے جرمانہ یا سزا یا دونوں دی جا سکتی ہیں۔
میجر جنرل خلیل ابراہیم ال منصوری، اسسٹنٹ کمانڈر ان چیف آف دوبئی پولیس فار کریمنل انویسٹی گیشن، کا کہنا ہے کہ دوبئی کی تمام عمارتوں کی چھتوں پر حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں تاہم انہوں نےایک بار ایسے افراد کو پکڑا تھا جو عمارتوں پر کھڑے ہو کر خطرناک پوزیشن میں سیلفی اور ویڈیو بنا رہے تھے، اُن کا مقصد سوشل میڈیا پر اپنے ویویور اور فالوور بڑھانا تھا۔


میجر جنرل ال منصوری کا کہنا ہے کہ وہ اس طرح کے کسی واقعے سے باخبر رہنے کے لیے عمارتوں کے گارڈ، مالکان اور رئیل سٹیٹ منیجمنٹ سے رابطے میں ہیں ۔جو کوئی خلاف ورزی کرے گا اس کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ جو کوئی عمارتوں کی چھتوں پر سٹنٹ کرنا چاہتا ہے یا تصاویر بنوانا چاہتا ہے، اسے پہلے اجازت لینی چاہیے تاکہ ان کےلیے ضروری حفاظتی اقدامات کیےجا سکیں۔انہوں نے مثال دیتے ہوئے بتایا کہ دوبئی میں حکام کی مدد سے بہت سی فلموں کی شوٹنگ کے خطرناک سین فلمائے جا چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu