حقیقی زندگی کا ”ہنگر گیم“ شو، جس میں قتل، جنسی زیادتی اور مارکٹائی سب کی اجازت ہوگی

Ameen Akbar امین اکبر جمعرات 15 دسمبر 2016 23:55

حقیقی زندگی کا ”ہنگر گیم“ شو، جس میں قتل، جنسی زیادتی اور مارکٹائی سب کی اجازت ہوگی

مشہور زمانہ فلم ہنگر گیم کی کامیابی کی سب سے بڑی علامت یہی ہے کہ اس کے بہت سے حصے ریلیز ہو چکے ہیں۔ ہنگر گیم فلم میں رئیلٹی گیم شوز کے دوران صرف وہی فاتح ہوتا ہے جو مشکل حالات میں سب کو مار کر آخر میں اکیلا زندہ رہ جاتا ہے۔
ہنگر گیم سے متاثر ہو کر ہی روس میں اسی طرح کا ایک رئیلٹی گیم شو شروع ہونے والا ہے۔ اس شو کی خاص بات یہ ہے کہ اس کے شرکا دوسروں کے ساتھ مار کٹائی بھی کرسکیں گے اور انہیں ایک دوسرے کو قتل کرنے کے ساتھ ساتھ جنسی زیادتی کی اجازت بھی ہوگی۔


گیم 2: ونٹر(Game2: Winter) نامی شو میں 30 افراد شریک ہونگے۔ شرکا کے ضروری ہے کہ وہ 18 سال سے زیادہ عمر کے ہوں اور دماغی طور پر بھی صحت مند ہوں (حالانکہ ایسے شو میں حصہ لینے والے کی دماغی صحت ہی مشکوک ہونی چاہیے)۔

(جاری ہے)


گیم 2 ونٹر میں حصہ لینے والے افراد 1لاکھ 32 ہزار پاؤنڈفی کس فیس ادا کریں گے، جس کے بعد جیتنے کی صورت میں انہیں 13 لاکھ پاؤنڈ کی انعامی رقم ملے گی۔

تاہم کچھ شرکا آن لائن پول کی مدد سے مفت بھی حصہ لے سکیں گے۔
گیم 2 ونٹر کے شرکا کو گیم شروع ہونے پر چاقو دیا جائے گا۔ اس سے وہ سائبریا کے جنگلات میں مچھلیوں اور دیگر جانوروں کا شکار کر سکیں گے۔ گیم 2 ونٹر کے شرکا کو 9 ماہ تک طویل اس ایڈونچر میں منفی 40 ڈگری درجہ حرارت میں موسم سے نپٹنے کے علاوہ ریچھوں اور بھیڑیوں سے بھی نپٹنا پڑے گا۔


اس گیم شو کے منتظم روسی کروڑ پتی یوگینی پاٹکوسکی کا کہنا ہے کہ ہم شرکا کے قتل یا جنسی زیادتی کی صورت میں بھی کسی قسم کی ذمہ داری نہیں لیں گے۔ شرکا کو شو شروع ہونے سے پہلے حلفیہ بیان دینا ہوگا کہ شو کے دوران ان کے ساتھ کچھ ہونے کی ذمہ داری انتظامیہ پر نہیں ہوگی۔گیم کے اصول و ضوابط میں درج ہے کہ گیم میں لڑائی، الکوحل، قتل، جنسی زیادتی، تمباکو نوشی اور ہر چیز کی اجازت ہوگی۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ شرکا کو بتا دیں کہ گیم کے شرکا پر روس کے قوانین لاگو ہونگے، اگر پولیس کو کسی قسم کی قانون کی خلاف ورزی کا ثبوت ملا تو وہ مجرم کو اٹھا کر لے جائے گی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شو کے دوران کوئی فلم کریو نہیں ہوگا بلکہ جنگل میں کیمرے لگے ہونگے تاہم شرکا کے پاس اپنا پورٹیبل کیمرہ بھی ہوگا جو ری چارج ایبل بیٹری سے7 گھنٹے چل سکے گا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ شو 1 جولائی 2017 کو ریلیز کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu