موجودہ حکومت کسانوں کا استحصال کر رہی ہے، میاں شوکت علی تھہیم

رمضان شوگر ملز انتظامیہ سو من پر پانچ من کی جبری کٹوتی کر رہی ہے،بیان

جمعہ 20 جنوری 2017 18:43

چنیوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جنوری2017ء) موجودہ حکومت کسانوں کا استحصال کر رہی ہے تحریک انصاف کسانوں کے ساتھ ہونے والی ظلم و زیادتیوں کو ہر گزطور پر برداشت نہیں کرے گی رمضان شوگر ملز انتظامیہ سو من پر پانچ من کی جبری کٹوتی کر رہی ہے اور کسانوں سے زبردستی گنا وصول کیا جا رہا ہے مقامی انتظامیہ کوئی نوٹس نہیں لے رہی ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف چنیوٹ کے ضلعی صدر میاں شوکت علی تھہیم ایڈووکیٹ نے ایک پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ کسان حلال کمائی سے گنا کاشت کرتے ہیں اور حکومتی وزیر اعلیٰ پنجاب کی ملکیتی ملز کسانوں سے اونے پونے میں گنا خریدتے ہیں تحریک انصاف اس مشکل کی گھڑی میں کسانوں کے ساتھ ہے اگر حکمران اپنے کرتوتوں سے باز نہ آئے تو ہم رمضان شوگر ملز کے سامنے شدید احتجاج کریں گے اور دھرنا بھی دیں گے انہوں نے کہا کہ رمضان شوگر ملز کسانوں اور کاشتکاروں کو گنے کی فوری ادائیگیاں کرے ہم اعلیٰ حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ضلع چنیوٹ میںرمضان شوگر ملز مالکا ن کا رویہ درست کروائے اگر انہوں نے اپنا رویہ نہ بدلا تو پھر تمام تر ذمہ داری ضلعی انتظامیہ پر ہو گی انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ضلع چنیوٹ میں ہم نے گزشتہ روز بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم نہ کرنے پر ایک ہفتے کا الٹی میٹم دیا تھا جو کہ اب پورا ہو چکا ہے اگر سوئی گیس انتظامیہ نے لوڈشیڈنگ ختم نہ کی تو تحریک انصاف کے کارکنان آئندہ ہفتے بھوک ہڑتالی کیمپ لگائیں گے۔

چنیوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں