پنجاب میں سبزیوںکی پیداوار بڑھانے کیلئے 410.87ملین روپے سے منصوبہ پرعمل درآمدجاری ہے،زرعی ترجمان

بدھ 18 جنوری 2017 18:23

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2017ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر صوبہ میں سبزیوںکی پیداوار بڑھانے کے لیے 410.87ملین روپے کی خطیر رقم سے ایک منصوبہ پر عمل درآمد جاری ہے اور محکمہ زراعت پنجاب اس منصوبہ کی کامیابی کے لیے مکمل تند ہی سے مصروف عمل ہے اس منصوبہ کی تکمیل سے صوبہ پنجاب میں سبزیوں کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہو گا۔

محکمہ زراعت پنجاب ملتان کے ترجمان کے مطابق سبزیوں کی کاشت میں اضافہ اور ان کی برآمدات کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ سبزیوں کے ضیاع کو روکنے کی بھی اشد ضرورت ہے ۔ اس ضمن میں سبزیوں کی پراسیسنگ ، پیکنگ ،ٹرانسپورٹیشن اور ویلیوایڈیشن کے جدید طریقوں پر عمل نا گزیر ہے۔ اس وقت سبزیوں کے بعد از برداشت نقصانا ت کا تخمینہ 25تا 40فیصد تک ہے ان نقصانا ت کو کم کرنے کے لیے زرعی سائنسدانوں نے جدید ٹیکنالوجی وضع کی ہے جس پر عمل کر کے ان نقصانات کو کم کیا جا سکتاہے۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق انسانی خوراک میں سبزیوں کا استعمال 300سی350گرام فی کس روزانہ ہونا چاہیے جبکہ ہمارے ملک میں یہ صرف 100سے 150گرام فی کس ہے جو کہ روزانہ کی سفارش کردہ مقدار کا آدھی سے بھی کم ہے۔ پاکستان میں سبزیوں کے زیر کاشت رقبہ میں اضافہ کے لیے کافی گنجائش موجود ہے ۔ ملکی پیداوار کی 67فیصد سبزیاں صوبہ پنجاب میں پیدا ہوتی ہیں جبکہ آلو کی پیداوار کا 93فیصد حصہ صوبہ پنجا ب میں پیدا ہوتا ہے ۔

صوبہ پنجاب سبزیوں کی پیداوار کے لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے سبزیوں کی پیداوار میں اضافہ سے ہم فی کس سبزیوں کے استعما ل میں اضافہ کر سکتے ہیں جس سے صحت عامہ کی بہتری میں مدد ملے گی اس کے علا وہ سبزیوں کی برآمدات میں اضافہ سے قیمتی زر مبادلہ بھی کمایا جا سکتا ہے ۔ صوبہ پنجا ب کی آب وہوا سبزیوں کی کاشت کے لیے نہایت موزوں او ر ساز گار ہے ۔۔توقع ہے کہ ہمارے کاشتکار سبزیوں کی بعد از برداشت ٹیکنالوجی پر عمل اور ویلیو ایڈیشن کے ذریعے سبزیوں کی برآمدات بڑھانے پر بھی توجہ دیں گے جس سے کاشتکا ر خوشحال اور ملکی معیشت مضبوط ہو گی۔

متعلقہ عنوان :

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں