رحیم یار خان،خواجہ غلام فریدؒ کی برسی کے حوالہ سے کانفرنس کا انعقادکیا گیا

منگل 17 جنوری 2017 23:33

رحیم یار خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2017ء)ضلعی انتظامیہ رحیم یار خان کے زیر اہتمام شیخ خلیفہ آڈیٹوریم میں خطہ کے معروف صوفی شاعر حضرت خواجہ غلام فریدؒ کی برسی کے حوالہ سے کانفرنس کا انعقادکیا گیا جس کے مہمانان خصوصی خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ اور خواجہ قطب الدین فریدی تھے جبکہ کانفرنس کی صدارت ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل نے کی۔

خواجہ غلام فریدؒ کی تعلیمی و ادبی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے منعقدہ کانفرنس میں ضلعی افسران، وکلاء، تاجر برادری، ڈاکٹرز ، سول سوسائٹی سمیت خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔خواجہ غلام فرید ؒ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ، خواجہ قطب الدین فریدی، ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل ، خواجہ محمد ادریس، مجاہد جتوئی سمیت دیگر نے حضرت خواجہ غلام فرید ؒ کی دین کے لئے تعلیمات اور دیوان فریدپر مفصل روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حضرت خواجہ غلام فریدؒ برصغیر پاک و ہند کے بہت بڑے صوفی شاعر تھے جن کی شاعری اور کلمات سے نئی نسل کو روشناس کرانے کی اشد ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ برصغیر میں اسلام کی ترویج و اشاعت میں اولیا کرام کا بہت بڑا کردار ہے،اولیاء کرام کے آستانے قلبی سکون کا باعث اور رشد و ہدایت کا مرکز ہیں، اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر مسلمان دنیاو آخرت سنوار سکتے ہیں، بزرگان دین کی صحبت سے محبت رسولؐ ملتی ہے بزرگان دین نے ہر مشکل میں اللہ تعالیٰ کے احکامات اور اس کے رسولؐ کی سنت کا پرچم بلند رکھا۔

انہوں نے کہا کہ حضرت خواجہ غلام فریدؒ نے اپنی شاعری میں فراغ دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے امن ، محبت ، بھائی چارے ، رواداری اور انسانیت کا درس دیا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں اگر ہم نے امن قائم کرنا ہے تو ہمیں اپنے آباء اجداد کی تعلیمات کا اپنانا ہو گااور انسانوں کی رنگ نسل، مذہب سے بالاتر ہو کر خدمت کا بیڑا اٹھانا ہو گا۔حضرت خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ اور حضرت خواجہ قطب الدین فریدی نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے حضرت خواجہ غلام فریدؒ کی برسی کے موقع پر مقامی تعطیل اور ان کی یاد میں تقاریب کے انعقاد کرانے کے فیصلہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ہم پر ان بزرگوں کا قرض ہے کہ ہم ان کی تعلیمات اپنی نئی نسل تک پہنچائیں اور ان کی شخصیات سے انہیں روشناس کرائیں۔

اس موقع پر معروف فوک گلوگارآڈھو بھگت اور موہن بھگت نے حضرت خواجہ غلام فریدؒ کے کلام پڑھ کر محفل میں سماع باندھ دیا۔حضرت خواجہ غلام فرید ؒ کانفرنس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل نے مہمانوں میں یادگاری شیلڈز تقسیم کیں۔

رحیم یار خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں