Akhtar Ul Iman Profile & Information

Complete profile & information about famous Urdu writer Akhtar Ul Iman اختر الایمان - Read complete profile, contact information and life history of Akhtar Ul Iman
Akhtar Ul Iman Profile & Information

اختر الایمان

اختر الایمان اردو نظم کے باکمال شاعر اور ہندی فلموں کے لاجواب سکرین رائٹر تھے۔ انہوں نے بہت عرصہ تک اپنی فنی عظمت کے نقوش چھوڑے۔ 12 نومبر1915 ء کو قلعہ ڈسٹرکٹ گرھوال اترچند بھارت میں پیدا ہونے والے اختر الایمان نے بجنور میں ابتدائی تعلیم حاصل کی جہاں ان کا رابطہ شاعر اور اپنے وقت کے معروف عالم خورشید الاسلام سے ہوا جو علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں پڑھاتے تھے۔ انہوں نے دہلی کے ذاکر حسین کالج سے گریجوایشن کی اور پھر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے ایم اے اردو کیا۔ انہوں نے اظہار شعر کیلئے غزل کی بجائے نظم کا انتخاب کیا اور بہترین نظمیں تخلیق کیں۔ ان کی شہرت کی ایک بڑی وجہ وہ فلمیں بھی تھیں جن کے وہ سکرین رائٹر تھے۔ ویسے تو وہ بے شمار فلموں کے سکرین رائٹر تھے، جن فلموں نے انہیں بہت شہرت بخشی ان میں ’’وقت، آدمی، جورو کا غلام، داغ، ضمیر، چھتیس گھنٹے، چور پولیس، دومسافر، چاندی سونا، لہو پکارے گا، ہمراز اور قانون‘‘ شامل ہیں، وہ فلم ’’لہو پکارے گا‘‘ کے ہدایتکار بھی تھے۔ اختر الایمان نے ایک نظم گو کی حیثیت سے بھی بڑا نام کمایا۔ ان کی آزاد نظموں میں میرا جی اور ن م راشد کے شعری فکر کی پرچھائیاں ملتی ہیں۔ میرا جی کے ساتھ ان کی بڑی دوستی تھی جو ایک طویل عرصہ تک برقرار رہی۔ اختر الایمان کو ایک انتہائی منفرد نظم نگار تسلیم کیا جاتا ہے۔ ویسے تو کچھ نقادوں کی رائے میں وہ کھردری زبان استعمال کرتے تھے اور ان کی زبان کو شعری زبان نہیں کہا جا سکتا لیکن بہرحال ایک بات طے شدہ ہے کہ وہ ایک انتہائی اختراع پسند شاعر تھے۔ ان کے شعری مجموعوں میں ’’تاریک سیارہ، گردیاب، آب جو، یادیں، نیا آہنگ اور سروسامان ‘‘شامل ہیں۔ اختر الایمان اپنے ہم عصر شاعروں سے بالکل الگ نظر آتے ہیں۔ یہاں اس امر کا تذکرہ ضروری ہے کہ اختر الایمان شاعر اور سکرین رائٹر کے علاوہ ڈرامہ نگار بھی تھے۔ انہوں نے صرف ایک فلم کے گیت لکھے جس کا نام تھا ’’بکھرے موتی‘‘۔ وہ بھارت کے مشہور اداکار امجد خان کے سسر تھے۔ اختر الایمان کو 1963ء میں دھرم ’’پترا‘‘ فلم کے بہترین، مکالمے لکھنے پر فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اسی طرح 1966ء میں فلم ’’وقت‘‘ کے مکالمے لکھنے پر بھی انہیں اس ایوارڈ سے نوازا گیا۔ 1962ء میں انہیں سہستیا اکیڈمی ایوارڈ (اردو) سے نوازا گیا۔
Urdu Name اختر الایمان
English Name Akhtar Ul Iman
Gender male

Browse Profiles of Writers & Adeeb