مریضوںکا اطمینان جناح ہسپتال کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے

وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ کا جناح ہسپتال کے لئے 5 لاکھ روپے کا اعلان، 53 ویں سالانہ سمپوزیم سے خطاب

پیر 2 اپریل 2018 23:49

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اپریل2018ء) صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ حکومت سندھ صحت اور تعلیم کے شعبوں میں عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے، این آئی سی وی ڈی اور سندھ یورولوجی انسٹیٹیوٹ و دیگر اداروں کی کارکردگی اس بات کی واضح مثال ہے جن پر ہم فخر کر سکتے ہیں۔

پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح ہسپتال پوسٹ گریجویٹ میں منعقدہ 53 ویں سالانہ سمپوزیم میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں سیکریٹری صحت ڈاکٹر فضل اللہ پیچوہو، ڈائریکٹر جناح ہسپتال ڈاکٹر سیمی جمالی، ڈاکٹر طارق محمود، ڈاکٹر اقبال آفریدی، ڈاکٹر عروج لعل رحمان، زاہد شبیر، پروفیسرز، ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل نرسنگ و طلباء طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

53 ویں سالانہ سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے سید ناصر حسین شاہ نے جناح ہسپتال کے لئے 5 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے صحت و تعلیم کے شعبوں میں ترقی کیلئے خصوصی ہدایات دی ہوئی ہیں۔ انہوں نے جناح ہسپتال کے ملازمین کی مستقلی، ان کی ترقیاں اور دیگر مسائل بھی وزیر اعلیٰ سندھ کی منظوری بعد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے مزید کہا کہ صحت کے شعبے میں فنڈز کو بھی ترجیحی بنیادوں پر بڑھاتے ہوئے 700 ملین روپے جبکہ جناح ہسپتال میں ادویات کی خریداری کیلئے 900 ملین روپے اور دیگر مسائل و معاملات بھی حل کرنے کیلئے تعاون اور مدد فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ جناح ہسپتال کے تین پروفیسرز کو حکومت پاکستان کی جانب سے عوام کی خدمات کے صلے میں تمغہ امتیاز جیسے اعزازات سے نوازا گیا جن میں زاہد بشیر، طارق محمود اور ڈاکٹر سیمی جمالی شامل ہیں اور امید کرتے ہیں کہ صحت کے علاوہ دیگر شعبوں میں بھی اعلیٰ خدمات کے مزید اعزازات ملیں گے۔

قبل ازیں سیکریٹری صحت سندھ ڈاکٹر فضل اللہ پیچوہو نے کہا کہ آبادی کے دبائو کے باعث ہمیں ایسے ادارے مزید تعمیر کرنا ہوں گے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جناح ہسپتال اور دیگر اداروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لئے حکومت ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے تحت پیشنٹ ایڈ فائونڈیشن، چائلڈ ایڈ، سائبر نائف و دیگر سہولیات کے حوالے سے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آئندہ دوسرا سائبر نائف کا ادارہ قائم کر کے اس کی آپریشنل کاسٹ حکومت سندھ فراہم کرے گی۔

ڈائریکٹر جناح ہسپتال ڈاکٹر سیمی جمالی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہسپتال کی کارکردگی، سمپوزیم کے حوالے سے صحت کی سہولیات، عوام کیلئے اٹھائے گئے فلاحی اقدامات اور مسائل کے بارے میں آگاہی فراہم کی۔ بعد ازاں شیلڈ پیش کی گئی۔ سمپوزیم میں مختلف موضوعات پر اظہار خیال کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :