Live Updates

ہماری آزادی میں ایک جنگل کا بادشاہ حائل ہے

ملک میں بدترین آمریت قائم ہے، جنگل کے اس بادشاہ کی ضد ملکی معیشت، جمہوریت اور عدلیہ کی تباہی کا سبب بن رہی ہے۔ بانی چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کا الزام

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 26 اپریل 2024 18:24

ہماری آزادی میں ایک جنگل کا بادشاہ حائل ہے
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 26 اپریل 2024ء) بانی چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان نے الزام عائد کیا ہے کہ ہماری آزادی میں ایک جنگل کا بادشاہ حائل ہے، ملک میں بدترین آمریت قائم ہے، جنگل کے اس بادشاہ کی ضد ملکی معیشت، جمہوریت اور عدلیہ کی تباہی کا سبب بن رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی آفیشل ایکس پر جاری ایک ٹویٹ میں کہا گیا کہ یومِ تاسیس کے موقع پر ملاقات کیلئے جیل آنے والے ذمہ داران سے بانی چئیرمین عمران خان نے خصوصی گفتگو کی، بانی پی ٹی آئی نے الزام عائد کہا کہ ہماری آزادی میں ایک جنگل کا بادشاہ حائل ہے جو دستوراور قانون کی دھجیاں اُڑا کر ملک میں بدترین آمریت قائم کئے ہوئے ہے۔

جنگل کے اس بادشاہ کی ضد، انا، قانون کو خاطرمیں نہ لانے اور ملک کو دستور کی بجائے اپنی مرضی کے مطابق چلانے کی ضد ملکی معیشت، نظامِ حکومت حتی کہ جمہوریت اور عدلیہ کی تباہی کا سبب بن رہی ہے۔

(جاری ہے)

بانی چئیرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ میرا اپنی قوم کے نام پیغام ہے کہ حقیقی آزادی کے حصول کیلئے مجھے جو قربانی بھی دینی پڑی دوں گا مگر اپنی اور اپنی قوم کی آزادی پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا۔

میری قوم جان لے کہ مجھے سراسر جعلی، جھوٹے، من گھڑت اور بےبنیاد مقدمات کی پاداش میں گزشتہ 9 ماہ سے جیل میں قید کیا گیا۔ مجھے اگر 9 سال یا اس سے بھی زیادہ عرصے کیلئے جیل میں قید رہنا پڑا تو رہوں گا مگر میری قوم کو غلامی کی زنجیروں میں جکڑنے والوں سے کوئی ڈیل نہیں کروں گا۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل سینیٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کےخلاف انتقام کی انتہا کردی گئی، پی ٹی آئی کے ساتھ ناانصافی کی بدترین مثالیں قائم کی گئیں، جیل میں ٹرائل ہوا اور 15 روز میں سزائیں دی گئیں، وکلا کو پیش نہیں ہونے دیا گیا، پی ٹی آئی کے ساتھ بدترین سیاسی انتقام لیا گیا۔

سینیٹ اجلاس کے دوران بیرسٹرعلی ظفر نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ قانونی چھوڑیں سیاسی طور پر دیکھیں تو کیا ایک بڑی جماعت کو مخصوص نشستیں نہیں ملنی چاہیے؟ پی ٹی آئی سے مخصوص نشستیں چھین لی گئیں۔ الیکشن کمیشن چاہتا ہے پی ٹی آئی سیاسی عمل سے باہر نکل جائے، 3 بار انٹرا پارٹی الیکشنز کرائے اب پھر الیکشن کمیشن نے اعتراض کردیا، سیاسی انتقام جاری رہا تو ملک میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔ ایران اور اسرائیل کےمعاملے پر وزیر خارجہ ایوان کو آگاہ کریں۔
Live بشریٰ بی بی سے متعلق تازہ ترین معلومات