تعلیم ،صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن وسائل فراہم کئے جائیں گے‘اکبر درانی

نئے منصوبوں کے سا تھ ساتھ بجٹ کا ستر فیصد عمارات کی مرمت اور بحالی پر خرچ کیا جائے‘، چیف سیکرٹری پنجاب

جمعرات 12 جولائی 2018 23:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2018ء) چیف سیکرٹری پنجاب اکبر درانی نے کہا ہے کہ تعلیم اور صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن وسائل فراہم کئے جائیں گے،عوام کو معیاری تعلیمی اور طبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے مقرر کردہ اہداف کو مقررہ مدت میں حاصل کرنا ضروری ہے۔ وہ یہاں سول سیکرٹریٹ میںتعلیم، صحت، صاف پانی اور سالڈ ویسٹ مینیجمنٹ کے شعبوں کے روڈ میپ پر پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

تین گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ تعلیم، صحت کی سہولیات اور صاف پانی کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں صحت کے شعبہ میں کافی کام ہو ا ہے لیکن سرکاری ہسپتالوں کی صورتحال اب بھی خراب ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جناح، لیڈی ولنگڈن اور ڈینٹل کالج کے دورے کے دوران وہ عمارات کی خراب حالت دیکھ کر حیران رہ گئے۔

انہوں نے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز کو ہدایت کی کہ نئے منصوبوں کے سا تھ ساتھ بجٹ کا ساٹھ سے ستر فیصد پرانی عمارات کی تعمیر و مرمت اور بحالی پر خرچ کیا جائے۔انہوں نے ہدایت کی سماجی شعبے بالخصوص تعلیم اور صحت کے روڈ میپ پر پیش رفت کا جائزہ باقاعدگی سے لیا جائے اور جہاں ضروری ہو ان سے بھی مدد اور رہنمائی حاصل کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ٹیم کے طور پر کام کر کے اہداف کو حاصل کرناہیں۔

برطانیہ کے بین الاقوامی ترقیاتی ادارے ڈیفڈ کے منیجنگ پارٹنر سر مائیکل باربر نے ویڈیو لنک کے ذریعے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے صحت عامہ کے شعبے میں جاری اصلاحاتی پروگرام میں نمایاں اور متاثرکن کارکردگی دکھائی ہے۔عالمی اداروں کی جانب سے بھی پنجاب حکومت کے اقدامات کی تعریف کی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ نگران پنجاب حکومت کی جانب سے تعلیم، صحت ، صفائی اور صاف پانی جیسی سہولتوں پر خصوصی توجہ دینا قابل ستائش ہے ۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب حکومت کے موثر اقدامات کے باعث ایمونائزیشن کی شرح 85فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ اضلاع میں ہیپاٹائٹس کے مریضوں کے لئے کلینکس قائم کئے گئے ہیں اوران فلٹر کلینکس پر مفت ادویات اور ٹیسٹ کی سہولتیں مہیا کی جا رہی ہیں۔ ہیپاٹائٹس کے مریضوں کو ان کے گھروں میں ادویات کی فراہمی کے پروگرام کا آغاز کر دیا گیاہے اور اس پروگرام کا دائرہ کار بتدریج بڑھایا جا رہاہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ معیار تعلیم کی بہتری،ضروری سہولتوں کی فراہمی، اساتذہ کی بھرتی، ٹریننگ اور دیگر اختراعی امور کے خاطر خواہ نتائج سامنے آرہے ہیں۔ پنجاب کے سرکاری سکولوں میں انرولمنٹ میں اضافہ ہوا ہے۔معیار تعلیم کی بہتری کے لئے تعلیمی نصاب کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا۔ سکولوں کی مانیٹرنگ، اعلی ترین نصابی کتب، ٹیچر گائیڈ اور ٹیچر ٹریننگ کے ذریعے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں بہتری لائی گئی۔ چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز ،ڈیفڈ کی نمائندہ گراہم روتھ،ہیلتھ روڈ میپ ٹیم کے اراکین،اوراعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں