یورینیم کی افزدوگی ترک کرنے کی صورت میں ایران سے براہ راست مذاکرات کرنے کیلئے تیار ہیں،کونڈالیزارائس کا امریکی ٹی وی چینل ”اے بی سی‘،کو انٹرویو

منگل 19 ستمبر 2006 21:56

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19ستمبر۔2006ء) امریکی وزیر خارجہ کونڈا لیزا رائس نے کہا ہے کہ اگر ایران یورینیم کی افزدوگی ترک کرنے کا اعلان کر دے تو اس کے ساتھ براہ راست مذاکرات کے لئے تیار ہیں اس صورت میں ایرانی ہم منصب کے ساتھ کہیں بھی ملنے کیلئے تیار ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں امریکی ٹی وی چینل ”اے بی سی‘،کے پروگرام ”گڈمارننگ امریکہ‘،میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر ایران بدستور اپنے موقف پر قائم رہتا ہے تو اس صورت میں ہم سلامتی کونسل کی جانب سے ایران پر پابندیاں عائد کرانے کی کوششوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے اس سلسلے میں اتحادیوں کے ساتھ ہمارے رابطے جاری ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ امریکی قیادت نیو یارک میں موجود ایرانی صدر سے براہ راست بات چیت کرنا چاہے گی۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ نے کہا کہ یورینیم کی افزودگی ختم کرنے کے اعلان سے قبل ہمارے لئے ایسا کرنا ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کا ایٹمی پروگرام خطے کے لئے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے ہم اپنے موقف میں اکیلے نہیں ہیں بلکہ دنیا کے بیشتر ممالک ایران کے ایٹمی پروگرام کے حق میں نہیں ہیں۔ واضح رہے کہ ایران کا کہنا ہے کہ وہ اپنی توانائی کی ضرورت کے لئے ایٹمی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے اس کا ایٹمی ہتھیار تیار کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے جبکہ امریکہ کا کہنا ہے کہ ایران اس آڑ میں ایٹم بم بنانے کی تیاریاں کر رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :