رمضان المبارک کے دوران ملاوٹ اوراشیاء خوردونوش کی مصنوعی قلت پیداکرنے والوں،ذخیرہ انددوزوں اورگرانفروشوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی، وزیر اعلی بلوچستان

ہفتہ 23 ستمبر 2006 23:23

کوئٹہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23ستمبر۔2006ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام محمد یوسف نے انتباہ کیاہے کہ رمضان المبارک کے دوران ملاوٹ اوراشیاء خوردونوش کی مصنوعی قلت پیداکرنے والوں،ذخیرہ انددوزوں اورگرانفروشوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے اس حوالے سے متعلقہ محکموں اورضلعی حکومتوں کوہدایت کی ہے کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو مناسب نرخوں پر اشیاء خوردنوش کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اورپرائس مجسٹریٹوں کے ذریعے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کومستحکم رکھنے کانظام قائم کیاجائے۔

وہ ہفتے کے روز یہاں منعقد ہونے والے اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں رمضان المبارک کے دوران اشیاء خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنانے اور گرانی کے تدارک کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

سینئر صوبائی وزیر مولانا عبدالواسع ، صوبائی وزراء میر عاصم کرد گیلو ،میر حبیب الرحمان محمد حسنی ، میر امان اللہ نوتیزئی ، میر عبدالغفور لہڑی ،میر عبدالرحمان جمالی اور چیف سیکریٹری بلوچستان کے بی رند نے بھی اجلاس میں شرکت کی ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ دیکھنے میں آیا ہے کہ تاجر اور دکاندار رمضان المبارک کے دوران اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ کردیتے ہیں جس سے عام آدمی کی قوت خرید ختم ہوجاتی ہے ، لہٰذاقیمتوں کے بلاجواز اضافے کے اس غیراخلاقی رحجان کا بھرپور طریقے سے تدارک کیا جائے اور ذخیرہ اندوزی کے ذریعے کھانے پینے کی اشیاء کی مصنوعی قلت پیدا کرکے قیمتوں میں اضافہ کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے ، اور اس حوالے سے تاجر تنظیموں کا تعاون بھی حاصل کیا جائے۔

وزیراعلیٰ نے ضلعی سطح پر پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو بھرپور طریقے سے فعال کرنے اور ضلعی ناظمین کو کمیٹیوں کے ذریعے قیمتوں کوکنٹرول کرنے کی بھی ہدایت کی ۔ انہوں نے ضلع اور تحصیل سطح پر اشیاء خوردونوش کی سپلائی اور مناسب نرخوں پر عوام کو فراہمی کیلئے سستے بازاروں کے انعقاد کے ہدایت بھی کی ۔ اس موقع پر چیف سیکریٹری کے بی رند نے ماہ رمضان کے دوران اشیاء خوردونوش کی قیمتوں پر کنٹرول رکھنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات سے متعلق اجلاس کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے کے تمام اضلاع میں 66پرائس مجسٹریٹ مقرر کئے گئے ہیں جنہیں گرانفروشی ذخیرہ اندوزی ، اورملاوٹ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کے اختیارات دیئے گئے ہیں ۔

جبکہ ضلعی سطح پر پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال کرکے انہیں 18اشیاء کی فہرست دی گئی ہے جو عوام کو سستے داموں فراہم کی جائیں گی۔ ان میں آٹا ،چینی ،دالیں اور دیگر اشیاء خوردونوش شامل ہیں ۔ اس کے ساتھ ساتھ یوٹیلیٹی اسٹورز کے ذریعے بھی مناسب نرخوں پر کھانے پینے کی اشیاء فراہم کی جائیں گی ، انہوں نے بتایا کہ جن علاقوں میں یوٹیلیٹی اسٹور نہیں وہاں موبائل یوٹیلیٹی اسٹورز بجھوانے کا بندوبست کیا گیا ہے جبکہ ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹیاں ایسے علاقوں میں مقامی دکانداروں اور تاجروں کے تعاون سے اشیاء خوردونوش کے سستے داموں فراہمی کو یقینی بنارہی ہیں ۔

چیف سیکریٹری نے بتایا کہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے اقدامات کی نگرانی کیلئے سیکریٹری داخلہ کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے ،جنہیں ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹیاں اور پرائس مجسٹریٹ ہر ہفتے رپورٹ پیش کریں گے وزیراعلیٰ نے صوبائی وزراء کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے اضلاع اور حلقوں میں قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے کے عمل کی خود بھی نگرانی کریں ۔