اوسلو ائرپورٹ پر پی آئی اے کے طیارے میں بم کی افواہ ، پروازمیں کئی گھنٹے تاخیر

اتوار 24 ستمبر 2006 18:35

اوسلو (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24ستمبر۔2006ء) ناروے کے درالحکومت اوسلو کے ائرپورٹ پر ہفتے کی شام اس وقت پی آئی اے کا طیارہ خالی کرکے تلاشی لینی پڑی جب طیارے میں بم کی افواہ پھیل گئی۔ یہ طیارہ پہلے ہی آٹھ گھنٹے دیر سے پاکستان سے ناروے پہنچا تھا اور اس نے ڈنمارک سے ہوکر واپس پاکستان جانا تھا۔جب پاکستان سے آنے والے مسافر اوسلو اترنے لگے تو ان میں تین مسافر ایسے بھی اترگئے جن کے پاس اگلی منزل یعنی ڈنمارک تک کے لیے ٹکٹ تھے۔

اس پر طیارے کے عملے کے اراکین کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

اسی وقت یہ بھی افواہ پھیل گئی کہ کہیں ان مسافروں کے سامان میں بم نہ ہو۔ اس افواہ کے پھیلتے ہی افراتفری مچ گئی اور پولیس بلاکر پوری طیارے کی تلاشی لینی پڑی ۔ جبکہ ان تین مسافروں کا دیر تک کوئی پتہ نہ چل سکا۔ اوسلو سے پاکستان جانے والے اور طیارے کے اندر بیٹھے ہوئے ڈنمارک جانے والے مسافروں کوکافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ اوسلو سے اسلام آباد جانے والے مسافروں میں ناروے کی ممتاز سماجی شخصیت حاجی افضل المعروف بابائے موس بھی شامل تھے جو پاکستان کے ایک ماہ کے دورے پر اسلام آباد جارہے تھے جہاں انہوں متعدد اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کرنی تھیں۔

متعلقہ عنوان :