پاکستانی عازمین حج کیلئے پی آئی اے کے کرایوں میں 40 فیصد تک رعایت دی جائے، وزیر اعلیٰ سرحد کا وفاقی وزیر مذہبی امور اعجاز الحق کے نام خط

منگل 26 ستمبر 2006 20:54

پشاور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26ستمبر۔2006ء) صوبہ سرحد کے وزیراعلیٰ اکرم خان درانی نے وفاقی حکومت سے کہا ہے کہ پاکستانی عازمین حج کیلئے پی آئی اے کے کرایوں میں 40% تک رعایت دی جائے۔ انہوں نے یہ سفارش وفاقی وزیر مذہبی امور و حج اعجاز الحق کے نام ایک خط میں کی ہے۔ انہوں نے وزرات مذہبی امور پر زور دیا کہ ہمارے ملک سے ہر سال بہت سے حجاج کرام فریضہ حج کی سعادت حاصل کرتے ہیں جو کہ پی آئی اے کے ذریعے سفر کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

اگر حکومت حجاج کرام کیلئے پی آئی اے کے کرایوں میں 40%تک کمی پر غور کرے تو اس سے حجاج کرام کو بہت فائدہ ہو گا اور ان کو بہتر سہولت میسر آئے گی جیسا کہ حکومت ہندوستان نے حجاج کرام کیلئے انڈین ایئر لائنز کے کرایوں میں 40%کمی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزرات مذہبی امور اس ضمن میں متعلقہ اداروں سے رابطہ کر کے حجاج کرام کی مدد اور حوصلہ افزائی کی سعی کریں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس اقدام سے حج کی سعادت کے خواہش مند غریب اور متوسط طبقے کے لوگوں کو بھی ریلیف ملے گا اوروہ یہ مذہبی فریضہ خوش اسلوبی سے ادا کر سکیں گے۔