پاکستان اور امریکہ میں تجارت و سرمایہ کاری سے متعلق مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق،ٹیفا مذاکرات کا اگلا دور واشنگٹن میں منعقد کرانے کا اعلان‘ اقتصادی معاملات سے متعلق اصلاحات کو حتمی شکل دینے کیلئے سٹڈی گروپ قائم،انٹیلیکچوئل پراپرٹی رائٹس پر عمل درآمد کیلئے حکومتی اقدامات قابل اطمینان ہیں‘ امریکی تجارتی وفد کے سربراہ اور سیکرٹری تجارت کی ٹیفا مذاکرات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس

بدھ 4 اکتوبر 2006 16:05

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین04اکتوبر2006) پاکستان اور امریکہ نے دو طرفہ تجارت و سرمایہ کاری کے حوالے سے مذاکرات جاری رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ٹیفا TIFA مذاکرات کا اگلا دور 2007ء میں واشنگٹن میں منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ امریکہ نے پاکستان میں حقوق ملکیت دانش پر عمل درآمد کروانے کے لئے حکومتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور مزید بہتری کے لئے اپنے تعاون کا یقین دلایا ہے۔

اس کے علاوہ دونوں ممالک نے اقتصادی معاملات کو بڑھانے کے لئے اصلاحات کو حتمی شکل دینے کے لئے سٹڈی گروپ بھی قائم کردیا ہے تاہم آزادانہ تجارت کے معاہدے کے حوالے سے دونوں حکومتیں سنجیدہ اقدامات کررہی ہیں جن کے مثبت نتائج نکلیں گے۔ ان خیالات کا اظہار امریکہ کے سفارتکار اور تجارتی وفد کے سربراہ ڈگلس اے ہارٹ وک اور وزارت تجارت کے سیکرٹری آصف علی شاہ نے ٹیفا مذاکرات کے دوسرے دور کے مکمل ہونے پر مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

امریکی وفد کے سربراہ ڈگلس اے ہارٹ نے کہا کہ مذاکرات کا یہ دور کافی کامیاب رہا ہے جس میں تجارت و سرمایہ کاری کے حوالے سے اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور بالخصوص ان نکات پر بات کی جن کا ذکر امریکی صدر بش نے پاکستان کے دورے کے موقع پر کیا تھا جس میں اقتصادی طور پر استحکام کے لئے پاکستان اور افغانستان میں زونز کا قیام بھی شامل ہے جس کے بارے میں امریکی حکومت ضروری قانون سازی کررہی ہے اور اس سلسلے میں ٹیرف میں نرمی اور زیرو ریٹ پروڈکٹس پر تجارت کی تجاویز بھی زیر غور ہیں انہوں نے مزید کہا کہ حقوق ملکیت دانش پر عمل درآمد کے لئے گزشتہ پندرہ ماہ کے دوران پاکستانی حکومت نے کافی مثبت اقدامات کئے ہیں جس پر وہ خراج تحسین کی مستحق ہے تاہم ان میں مزید بہتری کے لئے امریکہ پاکستان کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کو تیار ہے جبکہ صدر جنرل پرویز مشرف نے اپنے حالیہ دورہ امریکہ میں پاکستان کو جس تجارتی ہب کے طور پر پیش کیا ہے اس حوالے سے بھی مختلف نکات پر غور جاری ہے اور دونوں ممالک نے تجارت کے فروغ کے لئے سٹڈی گروپ کا قیام کرنے پر اتفاق کیا ہے تاہم تجارت کے حوالے سے فہرست کو تاحال حتمی شکل نہیں دی ہے انہوں نے مزید کہا کہ دو طرفہ تجارت اور آزادانہ تجارت کے معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لئے دونوں حکومتیں سنجیدہ اقدامات کررہی ہیں جس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے اور اس حوالے سے مذاکرات کو تسلسل سے جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے اور ٹیفا مذاکرات کا اگلا دور 2007ء واشنگٹن میں ہوگا انہوں نے کہا کہ تاجروں کو ویزے کے مسائل کے حل کے لئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں جبکہ کسی بھی ملک میں قائم امریکی سفارتخانہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کرتا ہے موجودہ امریکی حکومت نئے جی بی پی قانون کے لئے بھی غور کررہی ہے اور اسرائیل سمیت تیرہ ممالک سے آزادانہ تجارت کے معاہدے کئے جاچکے ہیں لیکن پاکستان کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں جن کو بہت جلد حتمی شکل دے دی جائے گی اس موقع پر ایک سوال کے جواب میں سیکرٹری تجارت آصف علی شاہ نے کہا کہ مذاکرات کے دوسرے دور کے دوران پاکستان کی ٹرائزٹ ٹریڈ کے حوالے سے افغانستان کو زیر غور لایا گیا لیکن اس حوالے سے بھارت پر کوئی بات نہیں ہوئی پاکستان افغانستان کی درآمدات و برآمدات کیلئے ایک اہم راستہ ہے اور اس حوالے سے مختلف نکات زیر غور آئے ہیں یاد رہے کہ ٹیفا مذاکرات کا پہلا دور 2004ء میں ہوا تھا اور دوسرا دور دو سال بعد ہوا ہے جبکہ اب ان مذاکرات کو تسلسل سے جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔