وفاقی دارالحکومت کیلئے نئے سکیورٹی پلان کی منظوری،اسلام آباد کے تمام علاقوں کی چھان بین اور مارگلہ کی پہاڑیوں پر پولیس اور رینجرز کا مشترکہ پہرہ بٹھانے کا فیصلہ

پیر 9 اکتوبر 2006 23:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9اکتوبر۔2006ء) وفاقی دارالحکومت کی سکیورٹی کے بارے میں وزارت داخلہ نے نئے سکیورٹی پلان کی منظوری دیدی ہے جس کے بعد اسلام آباد کے تمام حساس علاقوں کی چھان بین کرنے جبکہ مارگلہ کی پہاڑیوں پر رینجرز اور پولیس کامشترکہ پہرہ بٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم مارگلہ ہلز کو عوام کیلئے بند نہیں کیا جائے گا۔

یہ منظوری پیر کے روز یہاں وزیر داخلہ آفتاب احمد خان شیرپاؤ کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں دی گئی جس میں پولیس اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے بعد وزیرداخلہ نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ اسلام آباد کے حساس علاقوں سے ملنے والے راکٹ روسی ساختہ 107 ایم ایم اے کے تھے ان واقعات کے بارے میں انٹیلی جنس اداروں اور پولیس کی ایک اعلیٰ سطح کی ٹیم تحقیقات کر رہی ہے تاہم کسی گروپ یا تنظیم کے ملوث ہونے کے بارے میں ابھی نہیں بنایا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے داخلی اور خارجی راستوں اور دیگر اہم مقامات پر سکیورٹی کوبڑھا دیا گیا ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں تشدد کے واقعات میں بڑی حد تک کمی آئی ہے تاہم صورتحال مکمل معمول پر آنے میں ابھی وقت لگے گا۔

متعلقہ عنوان :