حیدرآباد کے عوام کی مشکلات کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جائے گا، وزیراعظم شوکت عزیز

ہفتہ 14 اکتوبر 2006 19:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14اکتوبر۔2006ء) وزیر اعظم شوکت عزیز نے حیدر آباد میں ایک اعلٰی سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت حیدر آباد کے سیوریج اور نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے لئے اضافی رقوم فراہم کرے گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ نکاسی آب کے منصوبوں پر ہنگامی بنیادوں پر کام ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اضافی رقوم حیدر آباد فلٹریشن پلانٹ کے لئے مختص رقم ایک بلین کے علاوہ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گذشتہ دنوں حیدر آباد بارش کے پانی کی عدم نکاسی کی بنا پر مشکل حالات سے گزرا ہے جس کا یہاں کے عوام اور سٹی ناظم کنور جمیل نے بڑے صبر اور استقامت سے مقابلہ کیا ہے۔ وزیر اعظم شوکت عزیز نے کہا کہ وفاقی حکومت حیدر آباد کے سلسلے میں حکومت سندھ سے بھرپور رابطے میں ہے اور حیدر آباد کے عوام کی مشکلات کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ اجلاس میں گورنر سندھ عشرت العباد خان ، وفاقی وزیر بابر غوری، صوبائی وزیر شعیب بخاری، صوبائی وزیر بلدیات محمد حسین، وزیر اعلٰی کے مشیر ایم اے جلیل، چیف سیکریٹری سندھ اور سٹی ناظم حید رآباد بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :