سرحد حکومت نے ڈینگی بخار کی روک تھام و عوامی آگاہی کیلئے 70 لاکھ روپے مختص کر دیئے

پیر 30 اکتوبر 2006 19:49

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30اکتوبر۔2006ء) سرحد حکومت نے ڈینگی بخار کی روک تھام اور عوامی آگاہی کے لئے 70 لاکھ روپے مختص کر دئیے جبکہ اس ضمن میں ضرورت پڑنے پر مزید رقم بھی جاری کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ صوبہ سرحد میں اس بیماری کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا متاثرین کراچی سے یہ مرض ساتھ لے آئے تا ہم ان کی نگہداشت کے لئے خصوصی انتظامات کر لئے گئے ہیں ۔

ان خیالات کااظہار صوبائی وزیر صحت عنایت الله خان نے پیر کے روز صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں ڈینگی وائرس سے بچاؤ کیلئے حفاظتی اقدامات کے حوالے سے اٹھائے گئے نکات کا جواب دیتے ہوئے کیا۔ بحث میں مشتاق احمد غنی ڈاکٹر سلیم ڈاکٹر امتیاز سلطان بخاری ، ڈاکٹر سمیں محمود جان اور نگہت اورکزئی نے حصہ لیا صوبائی وریر نے کہا کہ ڈینگی بخار سے بچاؤ اورحفاظتی تدابیرکے لئے تمام ضلعی ہسپتالوں میں آئسولیشن یونٹ قائم کئے گئے ہیں جبکہ تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کو مخصوص علاقوں میں مچھر مار سپرے کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پشاور میں بھی اس بیماری کے حوالے سے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت نے فوری طور پر ادویات کی فراہمی کے لئے 50 لاکھ روپے مختص کئے ہیں جبکہ تشخیصی آلات کیلئے بھی 10 لاکھ روپے اور عوام کو آگاہی کے لئے اشتہاری مہم کے لئے بھی 10 لاکھ روپے جاری کئے گئے ہیں جبکہ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ آفس میں ٹول فری فون لگایا گیا ہے جس پر کسی بھی قسم کی اطلاع دی جا سکتی ہے ۔

متعلقہ عنوان :