آئی ایم ایف نے پاکستان کیلئے 1.1 ارب ڈالر قسط کی منظوری دے دی

آئی ایم ایف کی طرف سے باضابطہ طور پر اعلامیہ کا اجرا جلد متوقع، واشنگٹن میں پاکستان سے متعلق آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں قرضے کی قسط کی منطوری دی گئی

muhammad ali محمد علی پیر 29 اپریل 2024 23:31

آئی ایم ایف نے پاکستان کیلئے 1.1 ارب ڈالر قسط کی منظوری دے دی
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 29 اپریل 2024ء) آئی ایم ایف نے پاکستان کیلئے 1.1 ارب ڈالر قسط کی منظوری دے دی۔ تفصیلات کے مطابق بین الااقوامی مالیاتی فنڈز نے قرضہ پروگرام کی آخری قسط کی منظوری دے دی، آئی ایم ایف کی طرف سے باضابطہ طور پر اعلامیہ کا اجرا جلد متوقع ہے۔ وزارتِ خزانہ ذرائع کے مطابق واشنگٹن میں پاکستان سے متعلق آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں پاکستان کو ایک ارب 10 کروڑ ڈالر فوری جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے آخری قسط کی منظوری اسٹینڈ بائی اریجمنٹ کے تحت دی ہے، 3 ارب ڈالر کے قرض پروگرام کے تحت پاکستان کو 1.9 ارب ڈالر پہلے مل چکے ہیں۔ اجلاس میں آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی جانب سے پاکستانی معیشت میں بہتری کا اعتراف بھی کیا گیا، واضح رہے کہ آئی ایم ایف کی رقم منتقل ہوتے ہی 9 ماہ پر محیط اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ مکمل ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

جبکہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹا لینا جارجیوا کا کہنا ہے پہلی سہہ ماہی میں پاکستان کو نمایاں مشکلات کا سامنا ہے۔ منیجنگ ڈائریکٹر آئی ایم ایف کرسٹالینا جارجیوا نے ورلڈ اکنامک فورم کے خصوصی سیشن میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے چند سالوں کی مشکلات کے باوجود ترقی اور عالمی معیشت بہتر ہے، ہم نے ترقی کے تخمینوں کو اس سال کیلئے بہتر کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایڈوانس معیشتوں میں امریکا کی کارکردگی اچھی ہے، انڈونیشیا، ملائیشیا، انڈیا جیسی ابھرتی مارکیٹس کی کارکردگی بھی اچھی ہے۔ ان کا کہنا تھا چین کی کارکردگی پہلی سہہ ماہی میں توقعات سے کچھ بڑھ کر اچھی رہی، بعض ممالک جیسےکہ پاکستان کو نمایاں مشکلات کا سامنا ہے۔ کم آمدنی والے ممالک کی حالت خراب ہو رہی ہے، کورونا کی وبا کے باعث دنیا کو 3.3 ٹریلین ڈالر کا نقصان پہنچا، کورونا کے باعث معاشی نقصان سے کم آمدنی والے ممالک زیادہ متاثر ہوئے۔