حکومت توانائی کے متبادل ذرائع کے حصول پر بھرپور توجہ دے رہی ہے،وزیراعظم شوکت عزیز،ہوا اور سورج کی روشنی سے بجلی کے حصول کیلئے منصوبوں کو ترجیح دی جائے،وزیر اعظم کا متبادل توانائی ترقیاتی بورڈ کے اجلاس سے خطاب

پیر 20 نومبر 2006 22:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20نومبر۔2006ء) وزیر اعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ حکومت توانائی کے متبادل ذرائع کے حصول پر بھر پور توجہ دے رہی ہے، ایسے منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کئے جا رہے ہیں۔ وہ سوموار کو یہاں متبادل توانائی ترقیاتی بورڈ کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں بورڈ کے زیر اہتمام شروع کئے گئے منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر اعظم نے بورڈ کو ہدایت کی کہ وہ بہترین نتائج کے حصول کے لئے کوششیں تیز تر کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہوا اور سورج کی روشنی سے بجلی کے حصول کیلئے منصوبوں کو ترجیح دی جائے۔ وزیر اعظم نے روشن پاکستان پروگرام کے تحت ملک کے 400 دیہات کو بجلی کی فراہمی کی منظوری بھی دی منصوبے پر 446 ملین روپے کی لاگت آئے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے حکومت کے اس عزم کو دہرایا کہ 2007ء تک تمام دیہات کو بجلی فراہم کر دی جائے گی۔

اس موقع پر متبادل توانائی ترقیاتی بورڈ کے چیئرمین نے بتایا کہ اب تک 13 سرمایہ کار ہوا کے ذریعے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دلچسپی ظاہر کر چکے ہیں جبکہ مزید 58 سرمایہ کار اس شعبے میں آنے کے خواہش مند ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ تمام منصوبے تجارتی بنیادوں پر مکمل کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس شعبے میں سرمایہ کاری کے لئے پرائیویٹ شعبے کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔ اجلاس میں پانی و بجلی کے وفاقی وزیر لیاقت جتوئی سمیت اعلیٰ سرکاری افسران بھی شریک تھے۔

متعلقہ عنوان :