قرآن و سنت کیخلاف کوئی قانون کسی قیمت پر بھی برداشت نہیں کریں گے، مولانا فضل الرحمن،حکومت کے مبینہ غیر اسلامی اقدامات کیخلاف جلد دیگر اپوزیشن جماعتوں کیساتھ مل کر ملک گیر تحریک چلائیں گے جو حکمرانوں کی بساط لپیٹ کر رکھ دے گی، تمام اپوزیشن جماعتیں متحد ہیں، تحفظ حقوق نسواں بل امریکی اور یورپی ممالک کو خوش کرنے کیلئے پارلیمنٹ سے پاس کرایا گیا، ایم ایم اے سیکرٹری جنرل کا کندیاں میں عوامی اجتماع سے خطاب

اتوار 26 نومبر 2006 22:10

کندیاں (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26نومبر۔2006ء) متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ملک میں قرآن و سنت کے خلاف کوئی بھی قانون کسی قیمت پر برداشت نہیں کیا جائے گا اور تحفظ حقوق نسواں بل سمیت حکومت کے مبینہ غیر اسلامی اقدامات کیخلاف جلد ملک گیر تحریک چلائیں گے جو ان کی بساط لپیٹ کر رکھ دے گی، ایم ایم اے اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر تحریک چلائے گی اور ایم ایم اے سمیت حزب اختلاف کی تمام جماعتیں متحد ہیں، اپوزیشن کے احتجاج کا حق چھیننا حکومت کی ناکامی کا واضح ثبوت ہے۔

اتوار کے روز یہاں کندیاں میں سجادہ نشین خواجہ خان محمد سے ملاقات کے بعد عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ قرآن و سنت کے خلاف کوئی بھی قانون کسی صورت تسلیم کیا جائے گا اور نہ ہی اس کو کسی صورت برداشت کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی اور سینٹ کی جانب سے منظور کیا جانے والا بل اسلامی تعلیمات کے منافی ہے اور یہ سب کچھ امریکیوں اور یورپیوں کو خوش کرنے کیلئے کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحفظ حقوق نسواں بل میں علماء کی سفارشات ہر گز شامل نہیں کی گئیں بلکہ انہیں نظر انداز کر دیا گیا اور حکومت نے اپنی مرضی سے ترامیم کر کے بل پارلیمنٹ میں پیش کر دیا اور منظور کرا لیا جو کہ ناقابل تسلیم ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت کے تحفظ حقوق نسواں بل سمیت مبینہ طور پر غیر اسلامی اقدامات کے خلاف ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی آغاز ملک کے بڑے شہروں سے کیا جائے گا اور یہ تحریک حکومت کی بساط کو لپیٹ کر رکھ دے گی۔

انہوں نے کہا کہ ایم ایم اے مسلم لیگ (ن) کے اتحاد سے استعفے دیئے جائیں گے جبکہ متحدہ مجلس عمل سمیت تمام اپوزیشن جماعتیں متحد ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو عوامی مفادات اور اسلامی تعلیمات کے منافی اقدامات سے روکنے کیلئے احتجاج اپوزیشن کا حق ہے اور حکومت کا اس احتجاج، مظاہروں اور عوامی اجتماعات کو منعقد ہونے سے روکنا اس کی ناکامی کا واضح ثبوت ہے۔ ایم ایم اے کے سیکرٹری جنرل مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی بساط لپیٹنے کیلئے تحریک تمام اپوزیشن جماعتوں کیساتھ مل کر چلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ باجوڑ ایجنسی میں دینی مدرسے پر بمباری کا واقعہ قابل مذمت ہے اور حکومت کو اس قسم کی کارروائیاں روک دینی چاہئیں۔