پاکستان مسلم لیگ کو تحفظ حقوق نسواں بل کی صدر پرویز مشرف سے منظوری پر فخر ہے ، وزیراعظم شوکت عزیز ،وزیر اعظم کی ارکان پارلیمنٹ وفاقی وزراء اور وزرائے مملکت سے بات چیت

جمعہ 1 دسمبر 2006 22:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم دسمبر۔2006ء) وزیراعظم شوکت عزیز نے کہاہے کہ پاکستان مسلم لیگ صدر جنرل پرویز مشرف کی طرف سے تحفظ حقوق نسواں بل کی منظوری اور ملک بھر میں نفاذ پر بجا طورپر فخر کرسکتی ہے اور یہ امر اطمینان بخش ہے وزیر اعظم شوکت عزیز نے یہ باتیں جمعہ کو یہاں کشمیر اور شمالی علاقہ جات کے وفاقی وزیر میجر ریٹائرڈ طاہر اقبال ، وزیر مملکت ہاؤسنگ سردار آصف نکئی ، ایم این اے چوہدری وجاہت حسین اور داخلہ کے وزیر مملکت ظفر وڑائچ کے ساتھ بات چیت کررہے تھے جنہوں نے وزیر اعظم ہاؤس میں شوکت عزیز سے ملاقات کی اس موقع پر وزیر اعظم شوکت عزیز نے کہا کہ اس بل کی پارلیمنٹ میں منظوری میں حکمران اتحاد یوں کا بھی بڑا اہم کردار ہے انہوں نے کہاکہ تحفظ حقوق نسواں بل کا قانون پاکستان مسلم لیگ کی حکومت کا بڑا اہم اقدام ہے اور حکومتی خواتین کے خلاف معیاری قانون سازی ختم کر کے انہیں بہت زیادہ تحفظ فراہم کیا ہے وزیر اعظم شوکت عزیز نے مزیدکہا کہ حکومت نے عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے ان کی دہلیزوں پر سہولت کی فراہمی اور مسائل کے حل کا تہیہ کررکھا ہے ملاقات کے دوران پارلیمنٹرینز نے وزیر اعظم شوکت عزیز کو اپنے حلقوں میں جاری ترقیاتی سکیموں کے بارے میں آگاہ کیا اور کہا کہ حکومتی پالیسیوں کے باعث اقتصادی ترقی کے ثمرات عوام کو منتقل ہونا شروع ہوگئے ہیں ۔