بیت المقدس کی شناخت تبدیل کرنے کی کوششیں ۔ فلسطینی چیف جسٹس

منگل 5 دسمبر 2006 11:52

غزہ (آئی این پی) فلسطین کے چیف جسٹس شیخ تیسیرتمیمی نے خبرد ار کیا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس شہر میں اہم تبدیلیاں کی جا رہی ہیں - اسرائیلی میونسپل انتظامیہ اور اسرائیل کی انتہاپسند جماعتیں شہر کی تہذیبی ،تعلیمی اور ثقافتی مسلم شناخت کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں - تمیمی نے کہاکہ اسرئیلی آبادکار مسجد اقصی کے قرب وجوار میں موسیقی کسنرٹ اور تفریحی پروگراموں کی تعداد میں اضافہ کررہے ہیں اور وہ اس لئے کررہے ہیں تاکہ مسلمانوں کے جذبات کو بر انگیختہ کیاجاسکے -فلسطینی چیف جسٹس کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان کے مطابق اسرائیلی انتظامیہ کوشش کررہی ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس شہر میں یہودیوں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ کردیا جائے تاکہ عددی لحاظ سے شہر کو یہودی شہرثابت کیاجاسکے - چیف جسٹس نے اسلامی ممالک کی تنظیموں ،قدس کمیٹی ،یونیسکو ، انسانی حقوق کی تنظیموں اور قانونی اداروں سے اپیل کی ہے کہ اس شہر کی اسلامی اور مسلم شناخت بر قرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں -